بلوچستان حکومت نے گوادر شپ یارڈ سے متعلق باہمی یادداشت پر دستخط کر دیئے

Published On 02 February,2021 01:17 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان حکومت نے گوادر شپ یارڈ سے متعلق باہمی یادداشت پر دستخط کر دیئے، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ صوبے میں روزگار کے مواقع کم ہیں، گوادر شپ یارڈ جسا منصوبہ روزگار لانے کے ساتھ گوادر کی ترقی کا زریعہ بنے گا۔

وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہناتھا کہ گوادر اور پاکستان کے حوالے سے ملکی معیشت کو اجاگر کرنے کا تاریخی منصوبہ ہے۔ حکومت کی ترجیح رہی کہ اپنے اثاثے کسی کی ملکیت میں نہیں دینگے۔ بلوچستان میں روزگار کے مواقع کم ہیں گوادر شپ یارڈ جسا منصوبہ روزگار لانے کے ساتھ گوادر کی ترقی کا زریعہ بنے گا۔

وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے گوادر معاہدے کی یاداشت پر دستخط کر دیئے۔ اس دوران میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے زبیدہ جلال نے بتایا کہ گوادر شپ یارڈ سے متعلق باہمی یاداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔ آج تاریخی دن ہے، بھارت کے 43 اور بنگلہ دیش میں 26 شپ یارڈ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کراچی کے بعد گوادر میں جدید شپ یارڈ بنا ہے۔ گوادر شپ یارڈ کراچی کی نسبت بڑا ہے جس میں جدید بحری جہازوں کی تیاری ہوگی۔ یہ صنعت بلوچستان کے ریونیو میں اضافہ کرے گی۔ گوادر شپ یارڈ میں جہازوں کی مرمت بھی ہو سکے گی۔

انھوں نے کہا کہ گوادر شپ یارڈ میں بحری جہازوں کیلئے تمام مطلوبہ سامان دستاب ہوگا۔ بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے گوادر شپ یارڈ میں خصوصی تربیت کے مواقع بھی ہونگے۔ اس میں صوبے کے نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی۔
 

Advertisement