سٹاک مارکیٹ میں 366.17 پوائنٹس کی مندی، مزید 4 حدیں گر گئیں

Published On 24 February,2021 04:17 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر بڑی مندی دیکھی گئی اور انڈیکس 366.17 پوائنٹس گر گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی کے بادل چھٹ نہ سکے، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے متعلق پیرس میں ہونے والے اجلاس کے باعث سرمایہ کار دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ابتدائی لمحات میں تیزی دیکھی گئی اور انڈیکس 45887.77 پوائنٹس کی بلند سطح پر دیکھا گیا تھا تاہم اس کے بعد غیر یقینی صورتحال کے باعث 100 انڈیکس مندی کی گرداب میں پھنس گیا۔

کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 366.17 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی، مندی کے باعث مزید 4 حدیں گر گئیں، گرنے والی حدوں میں 45700، 45600، 45500، 45400 کی حدیں شامل ہیں اور 100 انڈیکس 45362.58 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری روزک ے دوران کاروبار میں 0.8 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی اور 28 کروڑ 8 لاکھ 17 ہزار 29 شیئرز کا لین دین ہوا جبکہ حصص کی مالیت 70 ارب روپے سے زائد گھٹ گئی۔