پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں گاڑیوں کی رجسٹریشن اور دیگر معاملات سے متعلق مسائل حل نہ ہوسکے، محکمہ ایکسائز نے مسائل کے خاتمے کے لیے ای پیمنٹ کا طریقہ کار رائج کرنے کا فیصلہ کر لیا، اب گھر بیٹھے دیگر صوبوں میں رجسٹرڈ گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکسز جمع ہوسکیں گے، شہری کہتے ہیں حکومت فیصلوں پرعملدرآمد یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے۔
خیبر پختونخوا میں گاڑیوں اور دیگر ٹرانسپورٹ سے متعلق درپیش مسائل اب ایک کلک پر حل ہونگے، صوبائی محکمہ ایکسائز نے ای پیمنٹ کا طریقہ کار رائج کرنے کا فیصلہ کرلیا، گاڑیوں کے مسائل اب گھر کی دہیلز پر حل ہونگے۔
پشاور سمیت صوبے کے دیگراضلاع میں چلنے والی گاڑیوں میں جہاں زیادہ تر تو اپنے ہی صوبہ میں رجسٹرڈ ہیں لیکن دیگر صوبوں سے رجسٹرڈ گاڑیوں کی تعداد بھی کچھ کم نہیں، لاہور، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں رجسٹرڈ گاڑیوں کے ٹیکس کی ادائیگی کے مسائل حل نہ ہونے پر جہاں شہری پریشان ہیں وہیں حکومتی فیصلے کو خوش آئند بھی قرار دیا۔
صوبائی محکمہ ایکسائز نے بھی عرصہ سے درپیش مسائل کے خاتمے کےلیے اقدامات شروع کر دیئے ہیں، مسائل کے خاتمے کے لیے رواں سال ای پیمنٹ کا نظام رائج کر دیا جائیگا، معاون خصوصی برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن غزن جمال کہتے ہیں اس اقدام سے گھر بیٹھے ہی ٹیکسز کی ادائیگی ممکن ہو گی۔
حکام کے مطابق شہریوں کی سہولت کے لیے محکمے میں مزید اصلاحات سمیت دیگر اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں۔