پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا، صوبہ بھر میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد 7 ہزار سے بڑھ گئی، پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں دو سالوں کے دوران 800 سے زائد کیسزرجسٹرڈ ہوئے، شہریوں میں تشویش بڑھ گئی۔
خیبرپختونخوا میں ایچ آئی وی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا، صوبہ بھر میں اب تک ایڈز کے مریضوں کی تعداد 7 ہزار سے بڑھ گئی، پشاور کے ہسپتالوں میں بھی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔
پشاورکے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں 2018 سے رواں سال 2021 کے دوران ایڈز کے 812 کیسز رجسٹرڈ ہوئے جن میں 262 مرد اور 34 خواتین شامل ہیں۔ انجیکشن کے ذریعے مرض میں مبتلاء 176 افراد سمیت تین بچے بھی موذی مرض کا شکار ہیں، ماہرین صحت کے مطابق 2012 تک زیادہ تر مریض بیرونی ممالک سے اس مرض میں مبتلاء ہوئے۔
حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں سال 2005 سے 2020 تک مجموعی طور پر 4 ہزار سے زائد کیسز رجسٹرڈ ہوئے جن میں دو ہزار سے زائد مرد اور ایک ہزار کے قریب خواتین شامل ہیں جبکہ بچے بھی ایڈز کے مرض کا شکار ہیں، بڑھتے کیسز کے باعث شہریوں میں بھی تشویش پائی جارہی ہے۔
خیبر پختونخوا میں ایڈز کے ماہانہ 40 سے 50 کے درمیان کیسز رجسٹرڈ ہو رہے ہیں، مریضوں کے علاج کے لیے کوہاٹ اور بنوں میں ایک ایک جبکہ پشاور میں دو سنٹرز قائم ہیں۔