پشاور: (دنیا نیوز) پشاور بھر میں غیر معیاری اور مضرصحت مصالحہ جات کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ خوراک نے بھی تیاری کر لی، شہری کہتے ہیں انسانی رگوں میں زہر اتارنے والوں کے خلاف سخت کاروائیاں کی جائیں۔
خیبرپختونخوا میں اشیائے خورونوش میں ملاوٹ کے کاروبار میں اضافہ ہو گیا، پشاور بھر میں غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ مصالحہ جات کھلے عام فروخت ہونے لگے۔ شہر کے تقریباً تمام بازاروں میں کھلے اور ملاوٹ شدہ مصالحہ جات کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے، دکانداروں نے اشیائے خورونوش میں مضر صحت اشیاء کی ملاوٹ اور جعلی چیزوں کی بھرمار کر رکھی ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر چیز میں ملاوٹ ہے، حکومت روک تھام کےلیے سخت اقدامات اٹھائے۔
دوسری جانب حکومت نے بھی ملاوٹ مافیا سے نمٹنے کی بھرپور تیاری کرلی ہے، حکام کے مطابق مصالحہ جات میں ملاوٹ کی شکایات پر کارروائیاں کی جارہی ہیں، صوبے کے 26 اضلاع کو ہدایات جاری کرتے ہوئے 30 سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
سرکاری حکام کے مطابق مصالحہ جات میں ملاوٹ کی چیکنگ کے لیے خصوصی ٹیسٹنگ کٹ بھی ٹیموں کو مہیا کی جائیں گی جن سے موقع پر جانچ پڑتال کی جاسکے گی۔