فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں شہریوں کو گن پوائنٹ پر ہراساں کرنے والا ملزم ‘’روسی ڈون’’ ڈکیتی اور اقدام قتل کے متعدد مقدمات میں ملوث نکلا۔ پولیس نے ملزم کا جسمانی ریمانڈ لے کر کارروائی شروع کر دی ہے۔
تفصیل کے مطابق فیصل آباد میں تھانہ سول لائن کے علاقے اسلام نگر میں گن پوائنٹ پر شہریوں کو ہراساں کرنے اور گن پوائنٹ پر شہری کو کان پکڑوانے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے ملزم علی اکبر عرف ‘’روسی ڈون’’ کو حراست میں لے کر تفیش شروع کی تو ملزم کی جانب سے متعدد ڈکیتی اوراقدام قتل کی وارداتوں کا بھی اعتراف کر لیا گیا۔
ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران استعمال کئے جانے والے اسلحے کے حوالے سے بھی ملزم کے انکشاف پر پولیس نے اسلام نگر کے علاقے میں قائم رہائشی فلیٹوں کے قریب کھدائی کرکے اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مزید مقدمات درج کرکے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے۔