کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں 3 جنوری کو ہونیوالا پولیس کا ایک اور مقابلہ جعلی نکلا۔ مقابلے کی فائنل رپورٹ تیار کر لی گئی۔ رپورٹ میں مقتول نوجوان سلطان نذیر کو بے قصور قراردیاگیا۔
گزشتہ ماہ سائٹ ایریا میں پولیس کی فائرنگ سے نوجوان سلطان نظیر قتل ہوا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس اہلکار مقابلے کو اصل قرار دیتے رہے۔ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق 3 جنوری کو سلطان نذیر آن لائن بائیک سروس کے ذریعے گھر جا رہا تھا۔ بائیک رائیڈر نے پیٹرول ڈلوانے کیلئےپمپ پر موٹرسائیکل روکی۔
دوسری جانب سے پولیس اہلکار دو ملزمان کا پیچھا کرتے ہوئے آرہے تھے۔ پولیس اہلکاروں کی فائرنگ کے ڈر سے موٹرسائیکل رائیڈر بھاگا جبکہ سلطان نذیر موٹرسائیکل رائیڈر کے پیچھے بھاگا۔ پولیس اہلکاروں نے سلطان نذیر کو بھاگتے دیکھ کر اسے گولیاں ماردی۔
واقعے کے بعدایڈیشنل آئی جی کراچی نے ایس ایس پی عرفان بہادر کو تحقیقات کی ہدایت کی۔۔دونوں اہلکار صورتحال خراب دیکھ کر فرار ہوگئے تھے۔ اہلکاروں کیخلاف دہشتگردی قتل اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ بھی درج ہے۔