پشاور: سستے بازاروں سے اشیائے خورونوش غائب، خریدار مایوس لوٹنے لگے

Published On 07 March,2021 09:45 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے شہریوں کو سستے داموں اشیائے خورونوش کی فراہمی کےلیے سستے بازار تو قائم کردیئے لیکن کچھ ہی عرصے بعد ان کو بھول گئی، سستے بازاروں میں نہ خریدار ہیں اور نہ ہی دکاندار موجود ہیں، سستے بازار برائے نام رہ گئے۔

پشاور میں شہری اشیائے ضروریہ خریدنے کیلئے سستے بازار کا رُخ تو کرتے ہیں لیکن اشیاء کی عدم موجودگی سے مایوس واپس لوٹنا پڑتا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ سستے بازار شروع کرنا اچھا اقدام تھا لیکن حکومت کی عدم توجہ کے باعث بند پڑے ہیں، ان بازاروں میں کچھ بھی دستیاب نہیں۔

پشاورمیں عوام کو ریلیف دینے کے لئے مختلف مقامات پر چار سستے بازار قائم کئے گئے ہیں، سستے بازاروں میں اسٹالز لگانے والوں نے بھی مہنگے داموں چیزیں خرید کر سستی بیچنے سے انکار کردیا ہے جس کے باعث متعدد دکانیں اور اسٹالز خالی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت سستے بازاروں کو توجہ دے اور بحالی کے اقدامات اٹھائے تاکہ غریب عوام کو سستی اشیاء مل سکیں۔