پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں ایف بی آر نے 16 نئی موبائل چیک پوسٹیں قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا، ٹیکس ادا نہ کرنے والے مال کو نہ صرف ضبط کیا جائیگا بلکہ بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔
ایف بی آر نے ٹیکس چوری میں ملوث کاروباری افراد کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا، ٹیکس سے بچنے کےلیے چوری چھپے تجارت کرنے اور مال لے جانے کے خفیہ راستوں پر اب سخت پہرا ہوگا، ایف بی آر نےخیبر پختونخوا میں 16 موبائل چیک پوسٹیں قائم کرنےکا فیصلہ کرلیا۔
ٹیکس چوروں سے نمٹنے کےلیے خیبر پختونخوا بشمول ضم شدہ قبائلی اضلاع میں اہم شاہراہوں بالخصوص چور راستوں پر موبائل چیک پوسٹیں تعینات کی جائیں گی جہاں گاڑیوں اور ٹرکوں میں موجود مال کو چیک کیا جائیگا، ٹیکس ادا نہ ہونے والے مال کو نہ صرف ضبط کیا جائیگا بلکہ بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔
ایف بی آر کی چیک پوسٹوں پر خصوصی عملہ تعینات کیا جائیگا جو فوری اور موقع پر کارروائی کرسکیں گے، شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹیکس چوری میں ملوث افراد نہ صرف ملکی معشیت کو نقصان پہنچا رہے ہیں بلکہ حکومتی ہدایات کے مطابق کاروبار کرنے والے افراد کو بھی نقصان اٹھانا پڑرہا ہے، ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں ہونی چاہیئے۔
حکام کے مطابق ٹیکس کی عدم ادائیگی کے باوجود کاروبار اور تجارت کرنے والے کارخانوں کو سیل بھی کیا جائیگا۔