اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیپرا نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی رواں مالی سال کی پہلی دو سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی صارفین پر اضافی 91 ارب 37 کروڑ روپے کا بوجھ ڈالنے اور سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 65 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی دو الگ الگ درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
نیپرا میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس اور فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی دو الگ الگ درخواستوں پر سماعت ہوئی- سماعت کے بعد نیپرا نے درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا -کے الیکٹرک کے سوا باقی ماندہ تمام دس بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے نیپرا کو جمع کرائی گئی درخواستوں کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے جولائی تا ستمبر 2020 کیلئے 44 ارب71 کروڑ اور اکتوبر تا دسمبر 2020 کیلئے 46 ارب 66 کروڑ روپے کی ایڈجسٹمنٹ کی اجازت مانگی تھی- نیپرا حکام کے مطابق من و عن درخواستوں پر بجلی کے اضافے کا بوجھ تقریبا نوے پیسے فی یونٹ بنتا ہے-
دوسری طرف سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 65 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست جمع کرائی ہوئی تھی جس پر بھی فیصلہ محفوظ کیا گیا۔