بجلی کے حالیہ بلیک آؤٹ سے متعلق نیپرا رپورٹ دنیا نیوز نے حاصل کر لی

Published On 23 February,2021 01:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بجلی کے حالیہ بلیک آؤٹ کےحوالے سے نیپرا رپورٹ دنیا نیوزنے حاصل کر لی جس کے مطابق 9 جنوری کو گدو سوئچ یارڈ میں خرابی پیدا ہوئی، متعلقہ سرکٹ بریکر کے درست کام نہ کرنے سے خرابی دورنہ ہوسکی، سوئچ یارڈمیں خرابی کی وجہ سے220 اور500 کےوی کی لائنیں ٹرپ کرگئیں۔

نیپرا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ220 اور 500 کے وی لائنیں ٹرپ ہونے کے سبب ملک کے شمالی حصے میں پاور پلانٹس پر زیادہ لوڈ پڑا، بجلی کی ترسیل میں عدم توازن کی وجہ سے بجلی کا مکمل بریک ڈاؤن ہوگیا۔ بعض پاور پلانٹس نے بجلی بحالی کیلئے معمول سے زیادہ وقت لیا۔

رپورٹ میں سفارشات دی گئی ہیں کہ مستقبل میں بلیک آؤٹ سے بچنے کیلئے معروف عالمی ادارے سے جامع سٹڈی کروائی جائے۔پاور پلانٹس میں بلیک سٹارٹ کی سہولت یقینی بنانے کے علاوہ 220 میگا واٹ کے پاور ہاؤس میں آئی لینڈ موڈ فراہم کیاجائے۔ کے الیکٹرک، این ٹی ڈی سی اور پاور پلانٹس بلیک آؤٹ سے بچنے کیلئے ہنگامی پیشگی اقدامات کریں، نیپرا کی جانب سے گدو پاور سٹیشن میں انتظامی بنیادوں پر اصلاحات کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
 

Advertisement