فیصل آباد: حالیہ بارشوں سے گندم کی فصل کو نقصان، پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ

Published On 08 April,2021 09:10 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں ہونے والی حالیہ بارشوں اور تیز ہواؤں سے گندم کی فصل کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ فصل میں نمی آنے سے گندم کی کاشت تاخیر کا شکار ہونے کے ساتھ پیداوار متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

فیصل آباد اور گردونواح میں ہونے والی حالیہ بارشوں اور تیز ہواوں سے موسم تو خوشگوار ہوا مگر گندم کے کاشتکار بارش سے پریشانی کا شکار بن گئے، کٹائی کے مراحل کے قریب پہنچی گندم کی فصل میں بارش سے نمی آنے کی وجہ سے اسکی کٹائی نہ صرف تاخیر کا شکار ہوئی بلکہ کاشتکار کہتے ہیں تیز ہواوں سے زمین پر گرنے والی فصل کی کٹائی میں مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔

ڈائریکٹر زراعت کہتے ہیں بارش کے بعد اب درجہ حرارت بہتری کی جانب جارہا ہے، آئندہ دنوں میں اگر موسم خشک اور گرم رہا تو گندم کی کٹائی کیلئے بہتر رہے گا۔

ماہرین خوراک کہتے ہیں کہ اگر مزید بارشیں ہوئیں تو گندم کی پیداوار کم ہونے سے مارکیٹ میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہوسکتا ہے۔
 

Advertisement