ایران نے 9 سال قبل کینو کی امپورٹ پر لگائی گئی پابندی کو ختم کر دیا

Published On 20 April,2021 10:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کےلیے خوشخبری ہے، ایران نے 9 سال قبل کینو کی امپورٹ پر لگائی گئی پابندی کو ختم کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ ایران کے اثرات سامنے آنے لگے، تہران نے 2012ء میں کینو کی امپورٹ پر لگائی گئی پابندی کو ختم کر دیا ہے۔

تہران میں پاکستان ہائوس آمد کے موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت کا 9 سال سے پاکستانی کینوکی امپورٹ پر عائد پابندی کو ختم کرنا خوشی کا باعث ہے، یہ اقدام پاکستان اور ایران کے مابین دو طرفہ تعلقات کے استحکام کا مظہر ہے، کینو کی کاشت اور کاروبار سے وابستہ پاکستانی تاجروں کیلئے ایک انتہائی خوش آئند بات ہے ۔

وزیر خارجہ کاکہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے یکساں مذہبی، تہذیبی اقدار پر استوار، دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، میرے دورہ کا مقصد اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مستحکم بنانا ہے۔ پاکستان اور ایران کے مابین تجارت کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سفارتکاروں کو معاشی سفارت کاری پر عمل پیرا ہوتے ہوئے، پاکستان کی اقتصادی ترقی کیلئے کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔ ایران کا مشرکہ بارڈر پر "تجارتی مراکز کھولنے کی تجویز پر بھرپور آمادگی کا اظہارقابل ستائش ہے۔

شاہ محمود کا کہنا ہے کہ کل پاک ایران مشترکہ سرحد پر بارڈر مارکیٹ کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے جا رہا ہے، مشترکہ سرحد پر باڈر مارکیٹس کے قیام سے قانونی تجارت کو فردغ ملے گا، وہیں دونوں جانب سرحدی علاقے کے مکینوں کی معاشی حالت بدل جائے گی۔
 

Advertisement