برلن: (دنیا نیوز)جرمن وزیر خارجہ ہیکو ماس نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن اور مذاکرات کیلئے پاکستان کا کردار اہمیت کا حامل ہے، خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان نے بہت قربانیاں دیں۔ دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہشمند ہے، مذاکرات کیلئے ہندوستان کو ساز گار ماحول فراہم کرنا ہو گا.
برلن میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران جرمن وزیرخارجہ ہیکو ماس نے کہا کہ ہمسایہ ہونے کے ناطے افغان امن کیلئے پاکستان کی بہت اہمیت ہے، افغانستان میں تشدد کے خاتمے اور امن کیلئے مذاکرات جاری رہنے چاہئیں۔ پاکستانی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے دوران سیاسی اور اقتصادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، افغان امن سے متعلق مستقبل میں ہونیوالی کانفرنس پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس کےحصول میں جرمنی کےتعاون کےشکرگزارہیں، پاکستان جرمنی کےساتھ تعلقات کوفروغ دینےکاخواہاں ہے، جرمنی کےساتھ نئےاقتصادی تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان میں تجارت کیلئےبہترین مواقع موجودہیں، افغان معاملےسمیت دیگرامورپرپاکستان جرمنی کےساتھ رابطےمیں رہےگا۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ کوروناکی وجہ سےدنیاکوچیلنج کاسامناہے، پاکستان جرمن ٹیکنالوجی ٹرانسفر سےفائدہ اٹھاناچاہتاہے، ویکسین کی فراہمی کیلئےجرمنی کےتعاون کےشکرگزارہیں۔ خطے میں قیام امن سے متعلق وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارت کےساتھ پرامن تعلقات کاخواہاں ہے، مذاکرات کیلئےبھارت کوسازگارماحول فراہم کرناہوگا، جرمنی کی طرح پاکستان بھی افغانستان میں امن اورخوشحالی چاہتاہے۔