'روس خطے کا انتہائی اہم ملک، پاکستان کے اس سے تعلقات میں بہتری آ رہی ہے'

Published On 06 April,2021 10:03 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ روس خطے کا انتہائی اہم ملک ہے، پاکستان کے اس سے تعلقات میں بہتری آ رہی ہے، روس کے وزیر خارجہ نو سال بعد اۤج پاکستان آئیں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے روسی ہم منصب سرگئی لیوروف کے دورہ پاکستان سے متعلق ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے دو طرفہ تعلقات میں بہتری آ رہی ہے، ہم ایک دوسرے کے ساتھ خطے میں تعاون کا ارادہ رکھتے ہیں، نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن منصوبے کو ہم دونوں آگے بڑھانا چاہتے ہیں، ہمارے ہاں جب آٹے کا بحران پیدا ہوا تو روس نے ہمیں بروقت گندم فراہم کی، روسی وزیر خارجہ کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے فروغ کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روس، مل کر افغان امن عمل میں کردار ادا کر رہے ہیں، 18 مارچ کو ماسکو میں ایک سہ فریقی اجلاس ہوا جس میں پاکستان نے شرکت کی، دشنبے میں میری ایمبیسڈر ضمیر کابلوف کے ساتھ ملاقات ہوئی، ایمبیسڈر ضمیر کابلوف کے ساتھ افغان امن عمل میں ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ روسی وزیر خارجہ دلی سے ہو کر آ رہے ہیں، ہندوستان کے ساتھ روس کے دیرینہ تعلقات ہیں، روس بھارت کو افغانستان میں قیام امن کیلئے مثبت کردار ادا کرنے پر آمادہ کر سکتا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود نے مزید کہا کہ روسی وزیر خارجہ وزارت خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات میں شریک ہوں گے، روسی وزیر خارجہ کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوگی، روسی وزیر خارجہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے۔
 

Advertisement