کراچی: (دنیا نیوز) تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن سندھ اسمبلی کریم بخش گبول پارٹی لیڈرز سے اختلافات کی وجہ سے اپنی رکنیت سے مستعفی ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کریم بخش گبول نے اپنا استعفیٰ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کو بھجوا دیا ہے۔ اپنے استعفے میں انہوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ حلقہ 242 سے جیت کر قومی اسمبلی کے رکن بننے والے سیف الرحمان میرے حلقہ پی ایس 100 کو مسلسل نظر انداز کر رہے ہیں۔
کریم بخش گبول نے الزام عائد کیا کہ سیف الرحمان نے وفاقی حکومت کی طرف سے ملنے والے ترقیاتی بجٹ سے پی ایس 100 میں کوئی کام نہیں کروایا۔
انہوں نے اپنے استعفے میں لکھا تھا کہ سیف الرحمان کے حوالے سے گورنر عمران اسماعیل اور اور دیگر پارٹی عہدیداروں کو شکایت کی، مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔