لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ ملک کیخلاف عدم استحکام کی سازشیں کرنیوالوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، کرپشن جیسے جرائم کو حکومت جڑوں سے ختم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔
گورنر ہاؤس میں چودھری سرور سے ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن پرتگال کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں صدر سید قاسم سجاد، راجہ ذوہیب ظفر، چودھری تجمل کھٹانہ اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری سرور کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک درست سمت میں جا رہا ہے، موجودہ حکومت ذاتی اور سیاسی نہیں ملکی وقومی مفادات کا تحفظ کر رہی ہے۔
چودھری سرور نے کہا کہ کشمیر آج بھی پاکستان کی شہ رگ ہے اور عمران خان کشمیریوں کے سفیر ہیں، بھارت کشمیریوں کا قاتل ہے، حکومت کی واضح پالیسی ہے ان سے تجارت نہیں ہوگی، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں کبھی امن قائم نہیں ہوسکتا۔