لاہور: (دنیا نیوز) ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ 10 مارچ کو کورونا ویکسین لگوانے والے بزرگ شہری یکم اپریل کو دوبارہ ویکسین لگوائیں، کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز لگوانے والے بزرگ شہری پہلی ڈوز لگوانے والے ویکسینیشن سنٹر پر تشریف لے کر جائیں۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز لگوانے والے بزرگ شہریوں کی سہولت کیلئے اتوار والے دن بھی ویکسینیشن سنٹرز کھلے رہیں گے، پہلی ڈوز لگوانے والے بزرگ شہریوں کو دوسری ڈوز 21 دن بعد لگے گی، ویکسینیشن سنٹرز پر وافر مقدار میں کورونا ویکسین دستیاب ہے، بزرگ شہریوں کی سہولت کیلئے صوبہ بھر میں 126 کورونا ویکسینیشن سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں روزانہ تقریباً 20 ہزار کے قریب بزرگ شہریوں کو کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے، چین سے ویکسین کی 10 لاکھ ڈوز جلد پاکستان پہنچ رہی ہے، پنجاب میں کورونا ویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے، 50 سال عمر سے زائد افراد کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، محکمہ صحت پنجاب صوبہ بھر میں کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔