کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے 10 لاکھ کورونا ویکسین درآمد کرنے کے کیس میں وفاقی حکومت کو ایک ہفتے میں قیمت مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے سنگل بینچ کے حکم کیخلاف ڈریپ کی اپیل نمٹا دی۔
سندھ ہائی کورٹ میں 10 لاکھ کورونا ویکسین درآمد کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ نجی کمپنی کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ کورونا ویکسین کنسائمنٹس ریلیز کرنے کی ہدایت دی جائے، دھوکہ دے کر ویکسین منگوالی، اب فروخت کرنے نہیں دے رہے۔
عدالت نے ڈریپ کے وکیل سے استفسار کیا اگر قیمت مقرر نہیں کی تو پھر ویکسین درآمد کیسے ہوگئی ؟ بتائیں، حکومت نے ویکسین کی قیمت کیوں مقرر نہیں کی ؟ دنیا میں ویکسین لگ رہی ہے، آپ کہاں رہ رہے ہیں ؟ نہ قیمت مقرر کر رہے ہیں نہ ویکسین آنے دے رہے ہیں۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو ایک ہفتے میں قیمت مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 78 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 434 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 67 ہزار 957 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 757 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 20 ہزار 392، سندھ میں 2 لاکھ 65 ہزار 443، خیبر پختونخوا میں 87 ہزار 55، بلوچستان میں 19 ہزار 557، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 24، اسلام آباد میں 57 ہزار 833 جبکہ آزاد کشمیر میں 12 ہزار 663 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 19 لاکھ 3 ہزار 329 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 ہزار 965 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 3 ہزار 126 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 197 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 78 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 434 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 365، سندھ میں 4 ہزار 497، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 342، اسلام آباد میں 568، بلوچستان میں 207، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 352 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔