کراچی: (دنیا نیوز) کورونا کیسز میں اضافے کے باعث کراچی کے ضلع غربی میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاون نافذ کر دیا گیا۔ 9 اپریل تک مومن آباد اور اورنگی ٹاون میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاون رہے گا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق مائیکرو سمارٹ لاک ڈاون والے علاقوں میں مون آباد، اسلام نگر، اورنگی ٹاون سیکٹر گیارہ اور داتا موڑ کے علاقے شامل ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں آنے اور جانے والے تمام افراد کو ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں کے لوگ کی غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔
علاقے میں تمام کاروباری اور صنعتی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ متاثرہ علاقوں میں فیملی اجتماع پر پابندی ہوگی۔ متاثرہ علاقوں کے کورونا مثبت افراد اپنے گھروں میں قرنطینہ رہیں گے۔ حکومت متاثرہ علاقوں میں بسنے والے مستحق افراد میں راشن تقسیم کرنے کے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔