برلن: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر جرمنی پہنچ گئے۔
برلن ہوائی اڈے پر جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل، جرمنی کی وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام اور سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جرمنی دنیا کی اہم اقتصادی اور سیاسی قوت ہے۔ جرمنی کے ساتھ پاکستان کی وابستگی، تاریخی نوعیت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مفکر پاکستان حضرت ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ نے ناصرف یہاں اعلیٰ تعلیمی مراحل مکمل کئے بلکہ انہوں نے گوئٹے اور "فریڈرک نیچے" جیسے عظیم دانشوروں کی فکر سے بھی استفادہ کیا۔ پاکستان کی یورپی ممالک کے ساتھ ہونے والی دو طرفہ تجارت کے حجم میں، سب سے زیادہ حصہ جرمنی کا ہے۔
وزیر خارجہ اپنے دورہ برلن میں جرمن ہم منصب ہائیکو ماس کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے۔
ان مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات میں اضافے کے ساتھ ساتھ، دو طرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون کے میسر مواقعوں اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ ء خیال کیا جائے گا۔
وزیر خارجہ برلن میں جرمن پارلیمان کے صدر جناب وولف گانگ شوئبلے سے بھی ملاقات کریں گے اور دو طرفہ پارلیمانی روابط کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ ء خیال کریں گے۔
وزیر خارجہ، پاکستانی سفارتخانے کا دورہ کریں گے اور جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کریں گے
توقع ہے کہ پاکستان اور جرمنی کے مابین دو طرفہ سفارتی تعلقات کی سترہویں سالگِرہ کے موقع پر،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا یہ دورہ، دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دو طرفہ کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا۔