متحدہ عرب امارات کیساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے پُرعزم ہیں:وزیرخارجہ

Published On 19 April,2021 04:49 pm

دبئی: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔

یہ بات انہوں نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے سینئر وزیر اور بین الاقوامی نمائش 2020ء کے کمشنر جنرل نہیان بن مبارک النہیان سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ دہائیوں پرانے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان نے اپنی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اس سال اکتوبر میں دبئی میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی نمائش میں بھر پور شرکت کریگا۔

متحدہ عرب امارات کے سینئر وزیر نے بڑھتے دو طرفہ تعلقات کا خیر مقدم کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لئے اپنے مکمل تعاون کا عندیہ دیا۔

قبل ازیں دبئی میں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا اور وہ بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ امن سے رہنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان دونوں کو اپنے دو طرفہ تعلقات کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ اگر بھارت پانچ اگست کے اقدامات واپس لے لے تو پاکستان مذاکرات کے لئے تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کاخواہشمند ہے کیونکہ امن کے ذریعے ہی معیشت بہتر ہوناشروع ہوگی اور مزیداقتصادی مواقع پیدا ہوں گے لیکن مسئلہ کشمیر کو نظر انداز نہیں کر سکتے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ان کے دورہ متحدہ عرب امارات سے دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ دو طرفہ تعلقات مضبوط ہوں گے۔ ہماری حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا چاہتی ہے اور وہ اس معاملے پر دوسری سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کر رہی ہے۔
 

Advertisement