ابوظہبی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات نے ایک بار پھر پاکستان کیساتھ دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے اس کے ذمہ واجب الادا قرض کی واپسی کی مدت میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان کو یہ خطیر رقم امدادی قرض کے طور پر دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان کو ابوظہبی فنڈ سے ملنے والے دو ارب ڈالر امدادی قرض کی ادائیگی، 19 اپریل 2021ء تک کرنا تھی۔ اس بات کا اعلان وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی اماراتی ہم منصب جناب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کیساتھ ملاقات کے موقع پر کیا گیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی آمد پر اماراتی وزیر شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی وعالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ کے مابین، تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، توانائی، ٹیکنالوجی، سیاحت اور افرادی قوت سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت بھی کی گئی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایکسپو 2020ء دبئی میں پاکستانی پویلین کے قیام میں اماراتی حکومت کی بھرپور معاونت پر، اماراتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ اماراتی وزیر خارجہ نے مخدوم شاہ محمود قریشی کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے ابو ظہبی فنڈ سے پاکستان کو دیے گئے 2 ارب ڈالر" امدادی قرض" کی واپسی کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس خیر سگالی اقدام پر اماراتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، اسے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان بڑھتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔
وزیر خارجہ نے کورونا وبا کے دوران یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی معاونت کرنے اور پاکستانی ورک فورس کا خصوصی خیال رکھنے پر اماراتی وزیر خارجہ اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اماراتی ہم منصب کو ویزہ کے حصول میں مشکلات سمیت پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں جلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اماراتی وزیر خارجہ جناب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں، پاکستانی کمیونٹی کی گرانقدر خدمات کو سراہا۔
وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور بھارتی پالیسیوں کے باعث خطے کے امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ کے مابین "افغان امن عمل" سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور زیر بحث آئے۔ دونوں وزرائے خارجہ کا عالمی فورمز پر دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
وزیر خارجہ نے یو اے ای کے دوران کیے گئے پرتپاک خیر مقدم اور بہترین میزبانی پر، اماراتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے اماراتی ہم منصب کو جلد دورہء پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریے کے ساتھ قبول کیا۔
واضح رہے کہ یہ گذشتہ چار ماہ کے دوران، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا، متحدہ عرب امارات کا دوسرا دورہ ہے جو دونوں ممالک کے مابین مثبت سمت میں، بڑھتے ہوئے دو طرفہ تعلقات اور اعلیٰ سطحی روابط کی عکاسی کرتا ہے۔