متحدہ عرب امارات کا لاہور میں ویزا سینٹر کھولنے کا اعلان

Published On 15 February,2021 10:57 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے لاہور میں جلد ویزا سینٹر کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کا اعلان اماراتی سفیر نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کیساتھ ملاقات کے موقع پر کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی نے اس موقع پر کہا کہ لاہور میں متحدہ عرب امارات کا ویزا سینٹر بھی جلد کھولا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار ہیں۔

اس موقع پر سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ اماراتی سرمایہ کاری ریور راوی اربن فرنٹ اور والٹن بزنس حب کے منصوبوں میں سرمایہ کے لیے آگے آئیں۔
 

Advertisement