فی تولہ سونا مزید 750 روپے مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں بھی زبردست تیزی

Published On 21 May,2021 06:01 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، قدر مزید 750 روپے بڑھ گئی۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 9 ڈالر کا اضافہ ہوا اور نئی قیمت 1879 ڈالرفی اونس ہو گئی۔

عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 750 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 9 ہزار 300 روپے ہوگئی۔

دس گرام سونے کی قدر 643 روپے اضافے سے 93 ہزار 707 روپے ہے

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 340.91 پوائنٹس بڑھ گیا اور انڈیکس 45914.98 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.75 فیصد کی بہتری دیکھی گئی۔ 29 کرروڑ 48 لاکھ 53 ہزار 32 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 70 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔
 

Advertisement