بجلی کی قیمت میں 1.72 روپے نہیں صرف 8 پیسے اضافہ ہو گا: حماد اظہر

Published On 21 May,2021 07:08 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں 1.72 روپے کا نہیں صرف 8 پیسے فی یونٹ کا اضافہ ہو گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے لکھا کہ نیوز چینلز اکتوبر میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی خبریں دے رہے ہیں۔ سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ اکتوبر میں ختم ہو رہا ہے اور اُس کی جگہ نیا سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ بنایا جائے گا۔

انہوں نے لکھا کہ بجلی کے نرخ میں 8 پیسہ فی یونٹ کا اضافہ ہو گا ، 1.72 روپیہ کا نہیں جسکی وضاحت ضروری ہے۔

یاد رہے کہ  اس سے قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے بجلی 1 روپے 72 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دیدی۔ وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری دی، بجلی 3 مختلف سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی سال 2020 کی چوتھی سہہ ماہی کی مد میں بجلی 82 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی۔ مالی سال کی پہلی، دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی 90 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق اکتوبر 2021 سے کیا جائے گا۔

Advertisement