اپریل: گاڑیوں کی خریداری، قرضوں میں36 فیصد سے زائد کا اضافہ

Published On 31 May,2021 06:16 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گاڑیوں کی خریداری (آٹوفنانسنگ) کے لئے فراہم کئے گئے قرضوں میں اپریل 2021 کے دوران 36 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق اپریل 2021 کے دوران آٹو فنانسنگ کی مد میں 293 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے گئے ہیں جبکہ اپریل 2020 کے دوران گاڑیوں کی خریداری کے لئے فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 215 ارب روپے رہا تھا۔

اس طرح اپریل 2020 کے مقابلہ میں اپریل 2021 کے دوران آٹو فنانسنگ میں 78 ارب روپے یعنی 36.4 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مارچ 2021 کے مقابلہ میں اپریل 2021کے دوران گاڑیوں کی خریداری کے لئے قرضوں کی فراہمی میں 2.8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ مارچ 2021 کے دوران آٹو فنانسنگ کا حجم 285 ارب روپے تھا جو اپریل 2021 میں 8 ارب روپے کے اضافہ سے 293ارب روپے تک بڑھ گیا۔

یاد رہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے پالیسی ریٹ میں کمی کے نتیجہ میں آٹو فنانسنگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

گاڑیاں تیار کرنے والے اداروں کی تنظیم پاما کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ میں آٹو موبائلز (کاروں) کی فروخت 54 فیصد اضافہ سے گزشتہ مالی سال کی اسی عرصہ کی 97 ہزار 900 یونٹس فروخت کے مقابلہ جاری مالی سال میں جولائی تا اپریل21۔ 2020میں ایک لاکھ 51ہزار 178یونٹس تک بڑھ گئی ہے۔
 

Advertisement