سندھ ہائیکورٹ: جعلی ڈومیسائل کے اجراء کیخلاف ایم کیوایم کی درخواست کی سماعت ملتوی

Published On 31 May,2021 01:43 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ میں جعلی ڈومیسائل کے اجراء کیخلاف ایم کیو ایم کی درخواست کی سماعت 9 اگست تک ملتوی کردی گئی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ بھٹو صاحب کے قوانین پر بھی عمل نہیں ہو رہا، یہاں پختون، بلوچ سب زبانیں بولنے والے موجود ہیں لیکن بھرتیاں صرف سندھی بولنے والوں کی ہو رہی ہیں، غیر قانونی بھرتیاں نہ کریں، غریب لوگوں کا نقصان ہوگا، ہمیں عدالتوں سے پوری امید ہے، انصاف ہوگا، ہمیں دس کیسز کرنے پڑے تو کریں گے، جنہوں نے معاشی قتل عام کیا ہے، انہیں نہیں چھوڑیں گے۔

متحدہ رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پورے سندھ کو سولر بجلی بلا معاوضہ دینے کی قرارداد پیش کی تھی، سولر انرجی پر رعایت کا معاملہ آیا تو کراچی حیدر آباد غائب، صحافیوں کے بل پر کراچی پریس کلب کو شامل نہیں ہونے دیا گیا، میں چارسال اپوزیشن لیڈر رہا اور یہی ہمیشہ کہا کہ اس طرح زیادتی نہ کریں، صوبہ ہم نہیں، پیپلز پارٹی خود بنارہی ہے۔