ایم کیوایم مرکز نائن زیرو آپریشن کے 54 سے زائد مقدمات کا فیصلہ آگیا

Published On 23 April,2021 01:58 pm

کراچی: (دنیا نیوز) چھ سال بعد ایم کیوایم مرکز نائن زیرو آپریشن کے 54 سے زائد مقدمات کا فیصلہ آگیا۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں فیصل موٹا کو10 سال اور فرحان شبیر کو 8سال قید کی سزا سنا دی۔ ہائی پروفائل ٹارگٹ کلرز کو دھماکہ خیز مواد رکھنے کے الزام سے بری کر دیا گیا۔

گیارہ مارچ 2015 کو ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر سندھ رینجرز نے چھاپہ مارا تھا۔۔ اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد رکھنے کےالزام پر 26 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت سینٹرل جیل نے 6 سال بعد نائن زیرو آپریشن کے 54 سے زائد مقدمات کا فیصلہ سنا دیا۔

فیصل موٹا، عبید کے ٹو، نادر شاہ، عامر سرپھٹا سمیت دیگر کیخلاف دھماکہ خیز مواد رکھنے کا جرم ثابت ہی نہ ہو سکا۔ عدالت نے ہائی پروفائل ٹارگٹ کلرز کو دھماکہ خیز مواد رکھنے کے الزام سے بری کر دیا۔ دیگرملزمان میں امیتاز، عبدالقادر، کاظم رضا، محمد عامر، شکیل عرف بنارسی، محمود حسن شامل ہیں۔

عدالت نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں فیصل موٹا کو10 سال قید اور فرحان شبیر کو 8سال قید کی سزا سنا دی جبکہ فیضان علی اور ساجد علی سمت 12 ملزموں پر دھماکہ خیز مواد یا غیرقانونی اسلحہ رکھنے کا جرم ثابت نہیں ہوسکا۔