وزیراعظم سے ایم کیو ایم وفد کی ملاقات، کارکنوں کی رہائی، مقدمات واپس لینے کا مطالبہ

Published On 18 March,2021 10:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے وفد نے وزیراعظم سے ملاقات میں اپنے کارکنوں کی رہائی، ان پر بنائے گئے مقدمات واپس لینے، بند دفاتر کھولنے اور یونیورسٹی کے قیام کا مطالبہ کردیا۔

وزیراعظم عمران خان سے اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے وفد نے وزیراعظم سے ملاقات میں اپنے کارکنوں کی رہائی اوران پر بنائے گئے مقدمات واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ وفد نے ایم کیو ایم کے بند د فاتر کھولنے اور یونیورسٹی کے قیام کے مطالبات بھی وزیراعظم کے سامنے رکھے ہیں۔ ایم کیو ایم کے وفد کا کہنا تھا کہ ہمارا سب سے اہم مسئلہ کراچی کی ترقی ہے۔

ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے ایم کیو ایم کو مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کروائی اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کو یہ امور دیکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔

ایم کیو ایم کے وفد میں وفاقی وزیر بیرسٹر فروغ نسیم، وفاقی وزیر امین الحق اور سینیٹر فیصل سبزواری شامل تھے جبکہ ملاقات میں وفاقی وزرا شیخ رشید، اسد عمر اور عبدالحفیظ شیخ بھی شریک تھے۔
 

Advertisement