کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے سینئر رہنما کنور نوید جمیل نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی وعدہ خلافیوں کی تاریخ ہے، حکومت کے امیدوار عبدالحفیظ شیخ کو ووٹ نہ دینے بارے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ آج تک حکومتی اتحادی ہیں، آئندہ کا کچھ نہیں پتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومتی عشائیے میں اس لیے شریک نہیں ہوئے کیونکہ کمیونیشن گیپ تھا۔
کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ ووٹ خریدنے والے آج بھی کوششیں کر رہے ہیں لیکن ایم کیو ایم کا ووٹ کوئی نہیں خرید سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ تاہم سیاست میں رابطے ختم نہیں ہوتے۔
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی میں ابھی تک فیصلہ یہی ہے کہ حکومتی اتحادی ہیں۔ پیپلز پارٹی پر اعتماد کرنا مشکل ہے جبکہ (ن) لیگ سے سینیٹ الیکشن سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔