لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری امریکی ڈالر مزید 3 پیسے سستا ہو گیا جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، انڈیکس میں 770.05 پوائنٹس کی بڑھوتری دیکھی گئی۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 3 پیسے سستا ہو گیا اور قیمت 154 روپے 43 پیسے سے کم ہو کر 154 روپے 40 پیسے ہو گئی ہے۔
Interbank closing #ExchangeRate for today:https://t.co/F60oZELjn0 pic.twitter.com/t294qN9UWX
— SBP (@StateBank_Pak) May 31, 2021
دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل زبردست تیزی کا رحجان برقرار ہے، آج ایک مرتبہ پھر رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران 770.05 پوائنٹس کی زبردست تیزی ریکاڈ کی گئی۔
تیزی کے باعث انڈیکس کی مزید 7 حدیں بحال ہو گئیں، بحال ہونے والی حدوں میں 47200، 47300، 47400، 47500، 47600، 47700، 47800 کی حدیں شامل ہیں ۔ انڈیکس کا اختتام 47896.34 پوائنٹس پر ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.63 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 40 کروڑ 98 لاکھ 36 ہزار 861 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 120 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔