لاہور: (دنیا نیوز) ملک میں ترسیلات زر میں مسلسل اضافے کا رحجان جاری ہے، مسلسل دسویں ماہ کے دوران دو ارب ڈالر سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ملنے والی ترسیلات زر کا حجم 21 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا ہے جو کہ گزشتہ مالی سال کے اسی دورانیے کے مقابلے میں 43 فیصد زائد ہے۔
اعلامیے کے مطابق مارچ میں مسلسل دسویں ماہ ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے زیادہ رہیں، مارچ کے مہینے میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے 2 ارب 70 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے ترسیلات زر موصول ہوئے جو کہ فروری 2021 سے 20 فیصد جبکہ مارچ 2020 سے 43 فیصد زیادہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلسل دسویں ماہ بھی ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں: وزیراعظم
مرکزی بینک کے مطابق جولائی تا مارچ 2021ء کے دوران ترسیلات زر کا حجم 21 ارب 50 کروڑ ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا ہے۔ جو کہ گزشتہ مالی برس کی اسی مدت سے 26فیصد زیادہ ہے، جولائی تامارچ 2021کی زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب،یواےای،برطانیہ اورامریکاسےآئیں۔
حکومت اور سٹیٹ بینک کی جانب سے باقاعدہ ذرائع سے وقوم کی آمد کی حوصلہ افزائی، بینکوں کے فعال اقدامات، کورونا وبا کے باعث سفر کا محدود ہونا اور بازار مبادلہ میں استحکام ترسیلات زر میں اضافے کی وجوہات ہیں۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی ملک سے محبت بے مثال ہے، مسلسل دسویں ماہ بھی ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں۔
The love & commitment of Overseas Pakistanis to Pakistan is unparalleled. You sent over $2bn for 10 straight mths despite Covid, breaking all records. Your remittances rose to $2.7bn in Mar, 43% higher than last yr. So far this fiscal yr, your remittances rose 26%. We thank you
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 12, 2021
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے باوجود ریکارڈ ترسیلات زر بھجوائی گئیں، مارچ میں ترسیلات زر 43 فیصد اضافے سے 2 ارب 70 کروڑ ڈالر رہیں، ترسیلات زر میں 26 فیصد اضافے پر اوورسیز پاکستانیوں کے شکر گزار ہیں۔