لاہور: (دنیا نیوز) برائلر گوشت کے بعد اب سبزیوں کی قیمت میں بھی تیزی آ رہی ہے۔ پیاز، ٹماٹر اور لہسن کے علاوہ اکثر سبزیوں کی قیمت بڑھنے لگی۔
گرم موسم کی شدت سے سبزیوں کی قیمت میں تیزی، پیاز، ٹماٹر، لہسن کے علاوہ زیادہ تر سبزیاں عوام کی پہنچ سے باہر ہونے لگیں۔ آلو نیا 70 روپے کلو تک پہنچ گیا، آلو سفید 35 ، پیاز 30 سے 35 روپے کلو بیچا جا رہا ہے۔
مارکیٹ میں ٹماٹر 30 روپے کلو ، لہسن 160 روپے ، ادرک 400 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔ پھول گو بھی 100 روپے کلو، گھیا کدو 70 اور بھنڈی 100روپے کلو فروخت ہو رہی ہے۔ مٹر کا ریٹ 240 روپے کلو تک پہنچ گیا۔دکاندار کہتے ہیں کہ گرم موسم کی شدت سے سبزیوں کی فصل کم ہو رہی ہے۔
مرغی گوشت کی قیمت میں ٹھراو تو آ گیا مگر تاحال عوام کی پہنچ سے دور ہے، 313 روپے کلو گوشت جبکہ زندہ برائلر 216 روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔ فارمی انڈے بھی 2 روپے مہنگے ہوکر 153 روپے درجن ہو گئے۔