پنجاب کے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کیلئے ابتدائی تجاویز تیار

Published On 09 June,2021 09:53 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کیلئے ابتدائی تجاویز تیارکر لی گئیں۔ صوبے کیلئے 4 کھرب 75 ارب اور لاہور کیلئے 60 ارب روپے کا ترقیاتی پیکج مختص کرنے کی سفارشات کے علاوہ ضلع میانوالی کیلئے 35 ارب مالیت کے منصوبوں کی تجویز بھی شامل ہے، لاہور کی سرکاری جامعات کےفنڈز میں 80 فیصدکٹوتی کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

پنجاب کے آئندہ مالی سال 22۔2021 کے بجٹ کی تیاریاں جاری، محکمہ پی اینڈ ڈی بورڈ نے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کا پہلا مجوزہ ڈرافٹ تیار کر لیا۔ آئندہ مالی سال میں 2 کھرب 65 ارب روپے جاری ترقیاتی سکیموں کیلئے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ 1 کھرب 26 ارب روپے سے پنجاب میں نئے ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ نئے مالی سال میں کورونا کے تدارک اور ویکسین کی خریداری کیلئے بھی فنڈ رکھے جائیں گے۔

وزیر اعظم کے آبائی علاقے ضلع میانوالی کیلئے 35 ارب مالیت کے منصوبوں کی تجویز ہے۔ ذرائع کے مطابق میانوالی میں شروع کئے گئے 138 منصوبوں پر تعمیراتی کام جاری ہے۔ نئے مالی سال میں پہلے سے جاری منصوبوں کا بجٹ بھی شامل کیا جائے گا۔

ذرائع کہتے ہیں رواں مالی سال میں 50 ارب روپے مالیت کے ڈویلپمنٹ پروگرام شامل تھے۔ پنجاب حکومت نے مختص بجٹ سے 7 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کئے۔ حکومت پنجاب نے جاری شدہ فنڈز کی 80 فیصد رقم خرچ کئے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق کا کہنا ہےکہ پنجاب کاآئندہ مالی سال کا بجٹ عوام اور کسان دوست ہوگا جبکہ بجٹ میں پسے ہوئے طبقات کے بنیادی حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

لاہور کی سرکاری جامعات کے بجٹ میں 80 فیصدکا بڑا کٹ لگانے کی سفارش کی گئی ہے۔شہر کی 6 جامعات کیلئے 14 ارب کے بجائے صرف 2 ارب 30 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ یو ای ٹی انوویشن سنٹر کے قیام کیلئے 2 ارب 95 کروڑ میں سے صرف 25 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ ذرائع کے مطابق یوای ٹی میں انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے 95 کروڑ کے بجائے 9 کروڑ روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔ یو ای ٹی توسیعی پروگرام کیلئے 5 ارب 92 کروڑ میں سے صرف 40 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔

پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک اور ریسرچ پروگرام کیلئے 97 کروڑ کے بجائے 40 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ تیانجن یونیورسٹی لاہور کے توسیعی پروگرام میں 3 ارب میں سے صرف 78 کروڑ روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔

محکمہ پی اینڈ ڈی حکام کے مطابق ابتدائی طورپر ترقیاتی بجٹ سے متعلق سفارشات تیار کی گئیں ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں ہونیوالے اجلاس میں تجاویز کو مزید بہتر بنانے پر غور کیا جائے گا۔
 

Advertisement