قرضوں پر کھڑی قومی معیشت، قرض نہ لینے کے دعویدار قرض لینے پر مجبور

Published On 11 June,2021 04:50 pm

لاہور: (مہروز علی خان) توانائی کے شعبے میں گردشی قرضوں سے مراد یہ ہے کہ حکومت یا سرکاری ادارے جب بجلی سپلائی کرنے والے اداروں کو حاصل ہونے والی بجلی کے عوض معاوضہ نہیں ادا کر پاتے تو یہ قرض جمع ہوتا رہتا ہے ، یوں سادہ الفاظ میں بجلی کی پیداواری لاگت اور اسے بیج کر ہونے والی وصولیوں کے فرق کو گردشی قرضہ کہتے ہیں۔

گردشی قرضہ

پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کی لاگت پوری نہ ہونے کی اہم وجوہات میں ملک میں جاری بجلی چوری، بجلی کی ترسیل کا پرانا نظام اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی ناقص کارکردگی شامل ہے۔ موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے سے قبل جون 2018 میں ملک میں جاری گردشی قرضہ 1148 ارب روپے تھا ، تاہم حکومت کی جانب سے بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں اور اس سے منسلک اداروں کو بروقت ادائیگی نہ کیے جانے پر اس میں بدریج اضافہ ہوتا گیا اور نومبر 2020 تک پاکستان میں توانائی کے شعبے میں گردشی قرضہ کا حجم 2306 ارب روپے تک پہنچ گیا تھا۔ موجودہ مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ جولائی تا فروری کے دوران بجلی سیکٹر کے گردشی قرضوں میں 212 ارب روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد بجلی سیکٹر کا گردشی قرضہ فروری 2021 تک 2362 ارب روپے تک جا پہنچا تھا۔

یوں موجودہ مالی سال 2021 کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران بجلی سیکٹر کا گردشی قرضہ ماہانہ 26.5 ارب روپے بڑھا ہے۔ اس بات کا بھی اندیشہ کیا جا رہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران بجلی سیکٹر کے گردشی قرضوں میں کل 436 ارب روپے کا اضافہ ہو گا۔ اگر یہ بات سچ ثابت ہو گئی تو جون 2021 کے اختتام تک پاکستان کا توانائی کے شعبے سے منسلک گردشی قرضہ 2587 ارب روپے ہو جائے گا۔

ان معاملات کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ تحریک انصاف نے اپنے دورِ اقتدار میں بجلی سیکٹر سے منسلک گردشی قرضے میں دو گنا سے بھی زائد کا اضافہ کیا ہے۔ پاکستان میں بجلی کے شعبے کو فعال بنانے اور اس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ نظام میں شفافیت لانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ 19 مئی 2021 کو مہمند ڈیم کے دورہ کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اس بات کی جانب اشارہ کیا کہ 2023 تک ملک میں جاری توانائی سیکٹر کا گردشی قرضہ 1455 روپے تک پہنچ جائے گا۔ اس حوالے سے وزیراعظم نے یہ نوید بھی سنائی کہ 2028 تک ملک میں 10 بڑے پانی کے پراجیکٹ مکمل ہو جائیں گے۔

ایف بی آر کا ٹیکس ہدف اور حصول

رواں مالی سال 2021 کیلئے ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس آمدن کا ہدف 4 ہزار 963 ارب روپے رکھا گیا تھا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق موجودہ مالی سال کے پہلے دس ماہ جولائی تا اپریل کے دوران ایف بی آر نے 3780 ارب روپے کا نیٹ ریونیو حاصل کیا ہے جو کہ اس عرصہ کے مقرر کردہ ہدف 3637 ارب روپے سے 143 ارب روپے زائد ہے۔ اسی طرح پچھلے سال اس عرصہ (جولائی 2019 تا اپریل 2020 ) کے حاصل کردہ نیٹ ریونیو 3320 ارب روپے کے مقابلے میں رواں سال 14 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ریونیو حصول میں بہتری اس جانب اشارہ کرتی ہے کہ ملکی معاشی سرگرمیاں بحالی کی جانب گامزن ہیں، حالانکہ اس وقت ملک کو کورونا وباءکی تیسری لہر کا سامنا ہے۔

ایف بی آر کی کاوشوں کو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھی سراہا جا رہا ہے، تاہم حکومت کیلئے ضروری ہے کہ وہ چند اہم باتوں کو مدنظر رکھیں۔ موجودہ مالی سال میں ایف بی آر کی جانب سے حاصل کیا جانے والے ٹیکس ہدف کا گزشتہ مالی سال سے موازنہ سہی عمل نہیں ہے کیونکہ پچھلے سال کورونا وباءکے باعث ملک میں لاک ڈاؤن کا نفاذ رہا جس کی وجہ سے ایف بی آر مالی سال 2020 کے ٹیکس ہدف کو حاصل کرنے میں بڑی طرح ناکام رہا۔ گزشتہ مالی سال ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس ہدف ریکارڈ 5 ہزار 503 ارب روپے رکھا گیا تھا،جس کو نظر ثانی کے بعد 5 ہزار 270 ارب روپے کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد اس میں مزید کمی کی گئی اور ٹیکس ہدف کو 3 ہزار 908 ارب کر دیا گیا۔ ایف بی آر اس ہدف کو بھی حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی۔

اگرچہ گزشتہ مالی سال میں ٹیکس ریونیو کلیکشن میں کمی کی ایک بڑی وجہ کورونا وبا اور لاک ڈاؤن کی باعث ہونے والی معاشی سست روی قرار دی گئی ، تاہم رواں سال ایف بی آر کے ٹیکس نیٹ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یکم مئی 2021 تک ٹیکس سال 2020 کیلئے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد 29 لاکھ ہو چکی ہے جو کہ پچھلے سال اسی عرصے تک 26 لاکھ تھی۔

اسی طرح ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد میں 12 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ٹیکس گوشواروں کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس 50.6 ارب روپے رہا جو کہ پچھلے سال اس عرصہ میں 33.1 ارب روپے تھا۔ اس طرح موجودہ مالی سال 2021 میں ٹیکس ادائیگی میں 53 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے۔ موجودہ مالی سال میں جولائی تا مئی کے دوران ایف بی آر نے 4 ہزار 143 ارب سے زائد کے ٹیکس جمع کیے۔ ایک ہزار 472 ارب روپے کا انکم ٹیکس جمع کیا گیا، جبکہ 1 ہزار 777 ارب روپے سیلز ٹیکس کی مد میں جمع کیے ہوئے۔ اسی طرح رواں مالی سال کے 11 ماہ کے دوران 662 ارب روپے کی کسٹم ڈیوٹی اکٹھی کی گئی جبکہ 252 ارب روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں جمع کیے گئے۔

واسطہ اور بلا واسطہ ٹیکس کا حجم

ایف بی آر کی جانب سے موجودہ مالی سال میں واسطہ اور بلا واسطہ ٹیکس کے حجم کا موازنہ کیا جائے تو مالی سال 2021 میں ایف بی آر نے 2 ہزار 43 ارب روپے کے واسطہ ٹیکس نافذ کیے، جبکہ تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے سے قبل ملک میں واسطہ ٹیکس 1 ہزار 594 ارب روپے تھے۔ یوں موجودہ حکومت نے اپنے دورِ اقتدار میں واسطہ ٹیکس میں 500 ارب روپے سے زائد کا اضافہ کیا۔ اگر واسطہ ٹیکس کی تفصیل کا جائزہ کیا جائے تو تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد انکم ٹیکس کو 1 ہزار 577 ارب روپے سے بڑھا کر 2 ہزار 36 ارب روپے پر لے گئی ہے، ورکرز ویلفیئر فنڈ کو 14.6 ارب روپے سے ریکارڈ کمی کر کے 3.2 ارب پر لے گئی ہے، جبکہ کیپیٹل ویلیو ٹیکس کو 2.7 ارب روپے سے بڑھا کر 3 ارب روپے پر لے گئی ہے۔

اسی طرح اگر بلا واسطہ ٹیکس کا موازنہ کیا جائے تو تحریک انصاف کے حکومت میں آنے سے قبل بلاواسطہ ٹیکس 2 ہزار 418 ارب روپے تھے جن کو بڑھا کر 2 ہزار 920 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔ بلا واسطہ ٹیکسز میں شامل کسٹم ڈیوٹیز کو موجودہ حکومت نے تقریباً ڈھائی سال کے دوران 581 ارب روپے سے بڑھا کے 640 ارب روپے کر دیا ہے۔ اسی طرح سیلز ٹیکس کو بھی 1 ہزار 605 ارب روپے سے بڑھا کر 1 ہزار 919 ارب روپے کیا گیا جبکہ فیڈرل ایکسائز کو ڈھائی سال کے دوران 231 ارب روپے سے بڑھا کر 361 ارب روپے کر دیا گیا۔ ایف بی آر کو حاصل ہونے والے واسطہ اور بلا واسطہ ٹیکس کے علاوہ تحریک انصاف کی موجودہ حکومت عوام سے پیٹرولیم کی مد میں بھی پیسے حاصل کرنے کیلئے پیٹرولیم لیوی ٹیکس میں ریکارڈ اضافہ کر کے اسے ڈھائی سال کے دوران 160 ارب روپے سے 450 ارب روپے پر لی گئی ہے۔

معیشت پر قرضوں کا بوجھ

ملکی معیشت پرقرضوں کے بوجھ میں تواتر سے اضافہ ہو رہا ہے البتہ تحریک انصاف کے بر سر اقتدار میں آنے کے بعد ملکی قرضوں میں ریکارڈ 52 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ گزشتہ تین سالوں کے دوران موجودہ حکومت میں قرضے اکھٹا کرنے کی رفتار میں تیزی رہی اور ملک کے مجموعی قرضہ جات میں مارچ 2021 تک تقریباً 15 ہزار 600 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کےمطابق پاکستان کا کل قرضہ 45 ہزار 470 ارب روپے تک جا پہنچا ہے۔ اگر ماضی کی حکومتوں کے ادوار میں لیے گئے قرضوں کا موازنہ کیا جائے تو جون 2008 میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت آنے سے قبل پاکستان کا کل قرضہ 6 ہزار 691 ارب روپے تھا، جون 2013 میں ن لیگ کی حکومت آنے سے پہلے پاکستان کا مجموعی قرضہ 16 ہزار 338 ارب روپے تھا، جبکہ جون 2018 میں ملک کا مجموعی قرضہ 29 ہزار 879 ارب روپے تک جا پہنچا۔

یوں پاکستان پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ دورِ حکومت میں مجموعی قرضہ جات میں ساڑھے 9 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے، یعنی کہ تقریباً سالانہ 2 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ اسی طرح مسلم لیگ ن کے پانچ سالہ دورِ حکومت میں ملکی قرض میں تقریباً ساڑھے 13 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے، یعنی کہ سالانہ تقریباً 2700 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ پاکستان تحریک انصاف کے تقریباً تین سالہ دورِ حکومت میں بڑھنے والے قرضوں کا جائزہ لیا جائے تو سالانہ تقریباً 5 ہزار 200 ارب روپے کی رفتار سے ملکی قرضوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ملک کے کل قرضوں و واجبات میں اندرونی قرضوں کا تناسب 61 فیصد ہے جبکہ بیرونی قرضہ 39 فیصد ہے۔ قرض واجبات کے حوالے سے حکومتی اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران حکومت کے اندرونی قرضے میں 51 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ بیرونی قرضے میں 53 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ آئی ایم سے لیے جانے والے قرضے میں گزشتہ تین سالوں میں 57 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان کے کل قرضہ جات میں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کا حصہ 1 ہزار 165 ارب روپے یعنی صرف 2.5 فیصد ہے۔

اسی طرح پاکستان کا کل قرضہ ملکی جی ڈی پی کا 95.3 فیصد ہے جو کہ جون 2018 میں 86.3 فیصد پر تھا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مارچ 2020 تک ملک کا مجموعی بیرونی قرض 116 ارب ڈالر سے تجاویز کر گیا ہے، جو کہ گزشتہ سال مارچ 2020 کو 110 ارب ڈالر تھا، یعنی گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان کے ذمے مجموعی طور پر واجب الادا قرض میں چھ ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ حکومت نے اپنے ڈھائی سالہ دورِ اقتدار میں 20 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ واپس کیا ہے۔ اگر اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کا جائزہ لیا جائے تو حکومت نے مالی سال 2019 میں 9.4 ارب ڈالر اور مالی سال 2020 کے دوران 12.8 ارب ڈالر کے بیرونی قرضے ادا کیے، جبکہ رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ جولائی سے اپریل کے دوران 9.6 ارب ڈالر کے بیرونی قرضوں کی ادائیگی کی گئی۔ اگر بیرونی قرضوں کی ادائیگی کا موازنہ ماضی کی حکومتوں سے کیا جائے تو مسلم لیگ ن نے اپنے پہلے ڈھائی سالہ دورِ اقتدار میں تقریباً 10 ارب ڈالر کی بیرونی قرض کی مد میں ادائیگی کی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے اپنی حکومت کے پہلے ڈھائی سال کے دوران بیرونی قرض کی مد میں 6 ارب ڈالر سے زائد کی ادائیگی کی گئی۔

بجٹ خسارہ

پاکستان تحریک انصاف کے حکومت میں آنے سے قبل وفاقی بجٹ خسارہ اپنی تاریخی سطح پر تھا۔ مالی سال 2018 میں گزشتہ حکومت کے آخری ادھوار میں پاکستان کا بجٹ خسارہ 1 ہزار 891 ارب روپے تھا۔ اسی طرح ملکی جی ڈی پی کا کل حجم 34 ہزار 396 ارب روپے تھا، یوں موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے سے قبل مالی خسارہ جی ڈی پی کا 5.5 فیصد تھا۔ عمران خان کے برسر اقتدار میں آنے کے بعد ملکی جی ڈی خسارے کو کم کرنے کیلئے ٹیکس کولیکشن نظام میں بہتری کرنے، حکومتی اخراجات میں کمی کے ساتھ ٹیکس نیٹ ورک کو وسیع کرنے کیلئے اقدامات تو کیے گئے لیکن اس سب کے باوجود ملکی بجٹ خسارے کی جانب ہی گامزن رہا۔ وفاقی محکمہ فنانس کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے اعدادوشمار کا جائزہ لیا جائے تو مالی سال 2019 میں حکومت نے بجٹ خسارہ 1 ہزار 890 ارب روپے تک رکھنے کی توقع رکھی جبکہ ملکی جی ڈی پی جو 38 ہزار 388 ارب روپے مقرر کی گئی تھی۔ یوں حکومت نے مالی سال 2019 میں بجٹ خسارہ 4.9 فیصد طے کیا تھا۔

البتہ نظر ثانی کے بعد بجٹ خسارہ 2 ہزار 776 ارب روپے کی سطح کو پہنچ گیا جو کہ اس مالی سال میں ملکی جی ڈی پی کا 7.2 فیصد بنا۔ کچھ ایسا ہی گزشتہ مالی سال کے دوران ہوا جب حکومت کی جانب سے بجٹ خسارہ 3 ہزار 137 ارب روپے مقرر کیا گیا، جو کہ ملکی جی ڈی پی کا 7.1 فیصد تھاجبکہ ملکی جی ڈی پی کا حجم 44 ہزار ارب طے کیا گیا۔ البتہ ایک دفعہ پھر ان اعدادوشمار میں نظر ثانی کی گئی اور بجٹ خسارہ 3 ہزار 800 ارب روپے کو عبور کر گیا، جبکہ ملکی جی ڈی پی 41 ہزار 727 ارب روپے تک ا? پہنچا۔ یوں گزشتہ مالی سال کے دوران ملکی بجٹ خسارہ ملکی جی ڈی پی کا 9.1 فیصد رہا۔

رواں مالی سال میں ملکی بجٹ خسارہ مزید اضافے کے ساتھ 3 ہزار 195 ارب روپے کو پہنچ گیا جو کہ ملک کی کل جی ڈی پی کا 7 فیصد ہے ، جبکہ حکومت نے موجودہ مالی سال میں جی ڈی پی کا کل حجم 45 ہزار 567 ارب روپے مقرر کیا۔وزارت فنانس کے دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ جولائی سے مارچ کے دوران ملکی بجٹ خسارہ 1 ہزار 652 ارب روپے تک جا پہنچا ہے جوکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 1 ہزار 686 ارب روپے تھا۔ پاکستان کے اداراہ شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کا جائزہ لیا جائے تو ملکی جی ڈی پی 47 ہزار 709 ارب روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔ یوں یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ موجودہ مالی سال کے دوران ملکی جی ڈی میں طے شدہ ہدف سے 4 فیصد زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ اگر تحریک انصاف کے تقریباً تین سال دورِ اقتدار کا موازنہ کیا جائے تو ملک کا بجٹ خسارہ 1 ہزار 891 ارب روپے سے بڑھ کر 3 ہزار 195 ارب روپے تک جا پہنچا ہے۔ یوں حکومت نے برسراقتدار آنے کے بعد بجٹ خسارے میں 59 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

بیرونی و اندرونی قرضے

تحریک انصاف کے برسراقدار میں آنے کے بعد حکومت کی جانب سے سب سے زیادہ زور بیرونی و اندرونی قرضوں کی ادائیگیوں پر کیا گیا، جس کے باعث بجٹ کا ایک بڑا حصہ اس کام کیلئے مختص کیا گیا۔ اگر ماضی کی بات کی جائے تو تحریک انصاف کے حکومت میں آنے سے پہلے مالی سال 2018 میں گزشتہ حکومت نے 1 ہزار 997 ارب روپے قرض اور واجبات کی ادائیگیوں کی صورت میں ادا کیے گئے، تاہم تحریک انصاف نے مالی سال 2019 میں اس میں تقریباً 57 فیصد اضافہ کر کے 3 ہزار 133 ارب روپے ادا کیے گئے۔

اسی طرح گزشتہ مالی سال کے دوران قرضوں کی ادائیگیوں میں 42 فیصد کیا گیا اور قرض وسود کی ادائیگی 3 ہزار 313 سے بڑھ کر 4 ہزار 450 ارب روپے تک جا پہنچی۔ اگر موجودہ مالی سال کی بات کی جائے تو حکومت نے رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ جولائی سے مارچ کے عرصے میں کل 3 ہزار 548 ارب روپے قرض و سود کی ادائیگی کی صورت میں واپس کیے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف اپنے تقریباً تین سالہ دورِ حکومت میں 20 ارب ڈالر کے بیرونی قرضوں کی ریکارڈ واپسی کا بھی دعویٰ کرتی دکھائی دیتی ہے۔

اس حوالے سے اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداوشمار کا جائزہ لیا جائے تو مالی سال 2019 میں حکومت کی جانب سے کل 9 ہزار 478 ملین ڈالر (9.478 ارب ڈالر) کی ادائیگی قرض و سود کی صورت میں کی گئی۔ اسی طرح گزشتہ مالی سال 2020 کے دوران 12 ہزار 859 ملین ڈالر (12.859 ارب ڈالر) قرض و سود کی صورت میں ادا کیے گئے۔ رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ جولائی سے مارچ کے عرصے میں 9 ہزار 446 ملین ڈالر (9.446 ارب ڈالر) بیرونی قرض و سود کے طور پر ادا کیے گئے۔ یوں تقریباً تین سال کی مدت کے دوران حکومت نے 31.783 ارب ڈالر بیرونی قرض و سود کے طور پر ادا کیے۔

تاہم ان سب ادائیگیوں کے باوجود پاکستان کے کل قرض و سود جو پاکستان تحریک انصاف کے حکومت میں آنے سے قبل جولائی 2018 میں 29 ہزار 879 ارب روپے تھےتقریباً تین سال کے قلیل عرصے کے دوران مارچ 2021 تک 45 ہزار 470 ارب روپے تک جا پہنچا ہے۔ یوں تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد سے پاکستان کے کل قرضوں میں 52 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اسی طرح مرکزی بینک کی جانب سے جاری دستاویزات کے مطابق تقریباً تین سال کے دوران مارچ 2021 تک پاکستان کے بیرونی قرض و سود کی ادائیگیاں 53 فیصد اضافے کے ساتھ 11 ہزار 575 ارب روپے سے بڑھ کر 17 ہزار 749 ارب روپے تک جا پہنچے ہیں۔
 

Advertisement