ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں گرمی بڑھتے ہی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہو گیا، گھنٹوں بجلی غائب ہونے کے باعث گھریلو صارفین سمیت تاجر برادری بھی پریشان ہے۔
شہر اور گردونواح میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور اووربلنگ نے صارفین کو اذیت میں مبتلا کر دیا ہے، شہری علاقوں میں 4 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں چھے سے آٹھ گھنٹے بجلی کی بندش نے گھریلو صارفین کو متاثر کرنے کیساتھ کاروباری شعبے سے وابستہ افراد کو بھی معاشی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر توانائی کے مطابق میپکو ریجن میں لائن لاسز اور ٹرانسمشن لائنوں کی خرابی کے باعث معمول کی لوڈ شیڈنگ ہے تاہم صورتحال پر قابو پانے کیلئے سرکاری محکموں کو سولر انرجی پر شفٹ کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے جس پر جلد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ میپکو حکام نے ٹرانسمشن لائنوں کی مرمت کو جواز بنا کر سخت گرمی میں بجلی کی لوٓڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔