خیبرپختونخوا کا آئندہ مالی سال کا بجٹ کل پیش ہوگا

Published On 17 June,2021 01:37 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کا آئندہ مالی سال کا بجٹ کل پیش ہوگا، بجٹ کا تخمینہ ایک ہزارارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز ہے، ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے اورسالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے 370 ارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز بھی شامل ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت آئندہ مالی سال 22-2021 کا بجٹ کل پیش کرے گی، صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا اسمبلی اجلاس میں بجٹ پیش کریں گے۔ بجٹ کا تخمینہ ایک ہزار ارب سے زائد رکھنے کی تجویز شامل ہے۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے 370 ارب روپے سے زائد بجٹ مختص کرنے کے علاوہ قبائلی اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 120 ارب روپے رکھنے کی تجویز شامل ہے، بجٹ میں سرکاری ملازمین کے لیے 25 فیصد اضافے کی تجویز سمیت ماہانہ اجرت کم سے کم 21 ہزار روپے کرنے کے تجویز بھی ہے۔ گریڈ 19 سے گریڈ 22 کے ملازمین کےلیے 10 فیصد اضافے کی تجویز رکھی گئی ہے۔

اگلے مالی سال بجٹ میں خدمات فراہمی کی منصوبوں سمیت جاری ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل کے لئے زیادہ فنڈز مختص کرنے کی تجویز بھی شامل ہے، صحت کارڈ میں جگر کی پیوند کاری، او پی ڈی کو شامل کرنےکی بھی تجویز شامل ہے، کسان کارڈ اورغریبوں کے لئےراشن کارڈ دینے کی تجویز شامل ہے۔

بجٹ میں احساس پروگرام کے تحت قبائلی اضلاع میں وظیفہ دینے کی تجویز ہے۔ فنکاروں، اداکاروں کی امداد کے لئے 500 ملین روپے انڈومنٹ فنڈ رکھنے کی تجویز بھی شامل ہے، بجٹ کے لیے خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس کل سہ پہر 3 بجے ہوگا۔
 

Advertisement