لاہور: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینکوں کو 25 ہزار سے زائد رقم کی ڈیجیٹل منتقلی پر فیس وصول کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ اب ایک بینک سے دوسرے بینک رقم بھیجنا بغیر فیس کی ادائیگی ممکن نہیں ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق سٹیٹ بینک نے2020ء میں کووڈ19کی وبا کے دوران لاک ڈاؤن کی غیر معمولی صورتحال سے عہدہ برآ ہونے کے لیے بینکوں اور خدمات کے دیگر فراہم کنندگان کو مارچ 2020 میں ہدایت کی تھی کہ وہ ٹرانزیکشن کے حجم سے قطع نظر اپنے تمام صارفین کو بین البینک رقوم کی منتقلی (آئی بی ایف ٹی)کی سہولت بلا معاوضہ فراہم کریں (https://www.sbp.org.pk/press/2020/Pr-18-Mar-20.pdf)۔ اس کا مقصد ان غیر معمولی طور پر مشکل حالات میں بینکوں کے صارفین کو آن لائن خدمات کے ذریعے اپنی بینکاری ضروریات پوری کرنے میں سہولت دینا اور کووڈ کا پھیلاو روکنے کے لیے ذاتی رابطوں سے گریز کرنا تھا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق اس اقدام پر صارفین نے بھرپور ردعمل دیا اور مالی سال21 کی دوسری سہ ماہی میں گذشتہ برس کے مقابلے میں انٹرنیٹ اور بینکاری لین دین میں دگنے سے بھی زائد اضافہ ہو گیا۔ سٹیٹ بینک اس اقدام پر تمام خدمات کے فراہم کنندگان کی معاونت کو سراہتا ہے جنہوں نے اپنی آپریشنل لاگت وصول کیے بغیر اور آمدنی میں خاصے نقصانات برداشت کر کے عوام کو بین البینک رقوم منتقل کرنے کی خدمات سے بلامعاوضہ استفادے کی اجازت دی۔ یہ امر حوصلہ افزا ہے کہ کووڈ 19 کی صورتحال خاصی بہتر ہو چکی ہے اور کیسوں کی تعداد میں اتار چڑھاؤ کے بعد اب مجموعی حالات ایس او پیز پر مناسب عمل کرتے ہوئے نقل و حرکت پر پابندیاں نرم کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔
مرکزی بینک کے مطابق اس پس منظر میں سٹیٹ بینک نے آئی بی ایف ٹی کے نرخوں کے تعین کے حالیہ طریقہ کار پر نظرثانی کرتے ہوئے اس میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ بینک اور دیگر مالی ادارے پائیدار بنیادوں پر آئی بی ایف ٹی کی خدمات بلا معاوضہ فراہم کریں۔نئی ہدایات میں بینکوں اور خدمات کے دیگر فراہم کنندگان کو آبادی کے پست آمدنی والے طبقات کے ڈجیٹل لین دین کو بلامعاوضہ جاری رکھنے کی ترغیب اور تحفظ فراہم کرتے ہوئے ان سے بلند مالیت کی ٹرانزیکشن پرمعمولی فیس لینے کی اجازت دی گئی ہے۔
1/2 With improved Covid-19 situation relative to last year, #SBP reviewed the IBFT pricing mechanism and has decided to provide free of cost digital fund transfer services to individual customers up to an aggregated Rs25000 per month per account. See PR: https://t.co/kz6ilN1n1l
— SBP (@StateBank_Pak) June 16, 2021
سٹیٹ بینک نے بینکوں کو ہدایت کردی ہے کہ وہ انفرادی صارفین کو ماہانہ کم ازکم 25 ہزار روپے فی اکائونٹ/ والٹ ڈجیٹل طریقے سے رقوم منتقل کرنے کی سہولت مفت فراہم کریں تاہم بینک رقم کی مجموعی حد کو بڑھا بھی سکتے ہیں۔ اس طرح انفرادی صارفین کو اپنی ماہانہ حدود میں رہتے ہوئے زیادہ سے زیادہ مرتبہ رقوم کی منتقلی کا موقع ملے گا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق 25 ہزار روپے فی اکاونٹ کی ماہانہ حد عبور ہونے کے بعد بینک اپنے صارفین سے ہر ٹرانزیکشن پر اس کی 0.1 فیصد رقم یا 200 روپے، جو بھی کم ہو، چارج کرسکتے ہیں۔ اس کی مدد سے خدمات کے فراہم کنندگان کو بین البینک رقوم کی منتقلی پر آنے والی لاگت کا کچھ حصہ وصول کرنے اور پائیدار اور اختراعی بزنس ماڈل تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔
سٹیٹ بینک کے مطابق تاہم نئی ہدایات میں بینکوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ وہ ملک میں ڈجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کی غرض سے اپنے صارفین کو ڈجیٹل طور پر رقوم کی بلامعاوضہ منتقلی کی خدمات فراہم کریں۔اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ ایک ہی بینک کے مختلف اکانٹس میں رقوم کی ڈجیٹل منتقلی بدستور مفت رہے گی۔ مزید یہ کہ دوسرے بینکوں سے موصولہ رقوم پربھی کوئی چارجز لاگو نہیں ہوں گے۔
علاوہ ازیں سٹیٹ بینک نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی صارفین کو دوسرے بینکوں میں رقوم کی مفت منتقلی کی حد اور چارج شدہ فیس کے بارے میں باقاعدہ ایس ایم ایس، اپیلی کیشنز اور ای میل بھیج کر مطلع کریں۔
ہر ڈیجیٹل ٹرانزیکشن کے بعد بینک اپنے صارفین کے رجسٹرڈ موبائل نمبرز پر انہیں مفت ایس ایم ایس بھیجنے کے پابند ہوں گے، جس میں انہیں ٹرانزیکشن کی رقم اور وصول شدہ چارجز درج کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہو۔
سٹیٹ بینک نے عوام کو بلاتعطل ڈجیٹل خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کی خاطر بینکوں کو مزید ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے صارفین کے اکانٹ/ والٹ سے رقوم منتقل کرنے کی ٹرانزیکشز کی تعداد کی حد ختم کردے، تاوقتیکہ انسداد منی لانڈرنگ (اے ایم ایل/سی ایف ٹی)یا دھوکہ دہی کے حقیقی خدشات موجود نہ ہوں۔