بلوچستان اسمبلی میں مالی سال 2021-22 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

Published On 18 June,2021 10:39 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان اسمبلی میں مالی سال 2021-22 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، اپوزیشن نے حکومت سے 5 دن کے لئے بجٹ موخر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بلوچستان کا بجٹ اجلاس 4 بجے سپیکر عبدالقدوس بزنجو کی صدارت میں منعقد ہوگا۔ وزیرخزانہ ظہور احمد بلیدی صوبے کے نئے مالی کا سال 2021-22 کا 500 ارب روپے سے زائد کا بجٹ ایوان میں پیش کریں گے۔ غیر ترقیاتی بجٹ تقربیاَ ساڑھے تین سو ارب روپے، ترقیاتی بجٹ ڈیڑھ کھرب روپے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے کا امکان ہے۔

دوسری جانب حزب اختلاف کے اراکین 15 جون سے اسمبلی کے باہر دھرنا دیئے ہوئے ہے۔ اپوزیشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر بجٹ 5 دن کے لئے موخر کر کے اپوزیشن اراکین کی مشاورت سے نیا بجٹ تیار کرے۔

اپوزیشن قائدین نے اعلان کیا ہے کہ جے یو آئی، پی این پی مینگل اور پی کے میپ کے کارکن اسمبلی کے سامنے پہنچ جائیں اور جمعہ نماز بھی یہاں ادا کی جائے گی۔ اپوزیشن نےحکومت کی جانب سے بجٹ پیش کرنے کے موقع پر سیاسی کارکنوں کے ہمراہ اسمبلی کا گھیراؤ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
 

Advertisement