لاہور: (دنیا نیوز) چوکر اور ٹرن اوور ٹیکس میں اضافہ واپس مگر کنفیوژن ابھی برقرار ہے۔ فلار ملز ایسوسی ایشنز نے دو روزہ علامتی ہڑتال کر دی، ملک بھر کی 15 سو فلار ملز کو احتجاجاً تالے لگا دئیے۔
ملک بھر میں 15 لاکھ جبکہ پنجاب میں ساڑھے سات لاکھ آٹے کے تھیلوں کی سپلائی آج معطل کی گئی۔ لاہور میں آٹے کے ڈیڑھ لاکھ تھیلے مارکیٹ میں نہ پہنچ سکے۔ چیئرمین سنٹرل فلور ملز ایسوسی ایشن بدرالدین کاکڑ کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے فلار ملز ایسوسی ایشن سے کوئی رابطہ نہیں کیا، پنجاب سمیت ملک بھر میں تمام فلار ملز آج بند رہیں گی۔
چیئرمین پنجاب فلار ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے کہا ہے کہ حکومت لالی پاپ نہ دے، اس معاملے پر مذاکرات ہو سکتے ہیں، اگر 30 جون کو ٹیکس لاگو ہو گئے تو غیر معینہ مدت کے لئے فلار ملز بند رہیں گی۔ چیئرمین فلار ملز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا نعیم بٹ کا کہنا ہے کہ ٹیکس لگنے سے مہنگائی کا بڑا طوفان آئے گا۔
دوسری جانب ایف بی آر نے سوشل میڈیا پر وضاحت دی ہے کہ چوکر پر 17 فیصد ٹیکس واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فلار ملز پر ٹرن اوور ٹیکس 0.25 فیصد ہی رہے گا، فنانس بل میں ترمیم کے ذریعے تصحیح کر دی جائے گی۔ ایف بی آر اور فلار ملز ایسوسی ایشنز کو ابہام دور کرنے کے لیے مذاکرات کی میز پر بیٹھنا پڑے گا، ایف بی آر کا ایک جوابی خط عوام کو نئے بحران سے بچا سکتا ہے۔