لاہور: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے یکم جولائی 2021ء کو نئے مالی سال کے موقع پر بینک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یکم جولائی ’بینک تعطیل‘ کے موقع پر تمام بینکس کی برانچز بند رہیں گی جبکہ سرکاری وصولیوں/ ڈیوٹیوں/ ٹیکسوں کی وصولی میں سہولت دینے کے لیے برانچیں 30 جون 2021ء کو کھلی رہیں گی۔
ترجمان سٹیٹ بینک کے مطابق سٹیٹ بینک کے فیلڈ دفاتر اور نیشنل بینک آف پاکستان کی مجاز برانچیں 30جون2021ء (بدھ) کو شام 8 بجے تک کھلی رہیں گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بینک برانچز نفٹ کی جانب سے حکومتی لین دین کی خصوصی کلیئرنگ میں سہولت دینے کے لیے ضروری ہے۔ نفٹ کی جانب سے اسی دن شام 8 بجے خصوصی کلیئرنگ کا اہتمام کیا گیا ہے، تمام بینکوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ30 جون2021ء (بدھ) کو اپنی متعلقہ شاخیں اس وقت تک کھلی رکھیں۔