اسلام آباد: (دنیا نیوز) نئے مالی سال میں حکومت نے مقامی گاڑیوں پرعائد ٹیکسوں میں کمی کر دی۔ مقامی گاڑیاں ڈیڑھ لاکھ روپے تک سستی ہونے کا امکان ہے۔
مالی سال 22-2021 کے بجٹ میں حکومت نے مقامی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کے لئے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس میں کمی کا اعلان کیا، جس کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ مقامی گاڑیوں کی قیمتوں میں 50 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ روپے تک کمی ہوسکتی ہے۔
ہزار سی سی تک کی گاڑیوں پر ڈھائی فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کر دی گئی۔ اس کے علاوہ ہزار سی سی تک کی گاڑیوں پر سے سیلز ٹیکس ساڑے 4 فیصد کمی کے بعد ساڑے 12 فیصد کر دیا گیا ہے۔ حکومت نے ہزار سے 3 ہزار سی سی کی گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ڈھائی فیصد تک کم کی ہے۔
اب ہزار سے 2 ہزار سی سی کی گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ڈھائی فیصد اور 2 ہزار 3 ہزار سی سی پر سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 5 فیصد کر دی گئی۔ مقامی کار ساز کمپنیاں ایک ہفتے کے دوران قیمتوں میں کمی کا نوٹیفیکیشن جاری کرسکتی ہیں۔