لاہور: (روزنامہ دنیا) کورونا وائرس، محکمہ صحت نے عید الاضحی کیلئے گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔
ترجمان کے مطابق گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ نماز عید کیلئے مساجد میں کارپٹ، دری کا استعمال نہ کیا جائے، خطبات مختصر رکھیں، شہری نماز عید کے بعد گلے ملنے کی روایت سے گریز کریں، مویشیوں کی آن لائن خریداری، قربانی کی حوصلہ افزائی کی جائے، مویشی منڈیاں شہری آبادی سے باہر مقامات پر لگائی جائیں، مویشیوں کے بیوپاری، خریدار کیلئے ویکسی نیشن کرانا لازم ہے، بخار، کھانسی میں مبتلا بیوپاری کو مویشی فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، نیز بخار، کھانسی میں مبتلا شہری بھی مویشی منڈی نہیں جاسکیں گے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 27 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار 281 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 57 ہزار 371 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 979 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 46 ہزار 180، سندھ میں 3 لاکھ 37 ہزار 52، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 37 ہزار 951، بلوچستان میں 27 ہزار 145، گلگت بلتستان میں 6 ہزار 98، اسلام آباد میں 82 ہزار 652 جبکہ آزاد کشمیر میں 20 ہزار 293 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 45 لاکھ 44 ہزار 85 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 62 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 3 ہزار 484 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 871 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 27 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 22 ہزار 281 ہوگئی۔ پنجاب میں 10 ہزار 747، سندھ میں 5 ہزار 440، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 316، اسلام آباد میں 777، بلوچستان میں 308، گلگت بلتستان میں 111 اور آزاد کشمیر میں 582 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔