اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے عوام سے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔
انہوں نے اسلام آباد میں مختلف ہسپتالوں کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے۔ اس لئے لوگوں کو ویکسی نیشن کرانی چاہئے۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ عوام کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث پنجاب کے بعد سندھ میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ ملک بھر میں گزشتہ روز کورونا وائرس سے 20 اموات ہوئیں جن میں سے 11 اموات وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 914 افراد کے کووڈ۔ 19 ٹیسٹ مثبت آئے۔
ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر کووڈ۔ 19 کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے ملتان میں 27 فیصد،پشاور میں 19 فیصد,بہاولپور میں 22 فیصد اور اسلام آباد میں 24 فیصد مریض ہیں۔
اسی طرح سے ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب کے لحاظ سے کراچی میں 25 فیصد،مظفر آباد میں 19 فیصد،راولپنڈی میں 17 فیصد اور گلگت میں 42 فیصد مریض ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ۔19 کے 44 ہزار 496 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 14 ہزار 52، پنجاب میں 15 ہزار 565، خیبرپختونخوا میں 10 ہزار 106، اسلام آباد میں 3 ہزار 180، بلوچستان میں 790،گلگت بلتستان میں 339، آزاد کشمیر میں 464 ٹیسٹ شامل ہیں۔
اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 1 ہزار 201 ہو چکی ہے۔ بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کووڈ۔19 کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹر پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے لیے مختص وینٹیلیٹرز پر 258 مریض ہیں۔
ملک بھر میں کووڈ۔19 کے ایکٹو کیسز کی تعداد 32 ہزار 225 ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ 55 ہزار 657 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں 20 ہزار 243, بلوچستان میں 27 ہزار 64، گلگت بلتستان میں 6 ہزار 19, اسلام آباد میں 82 ہزار 596، خیبر پختونخوا میں 1 لاکھ 37 ہزار 759، پنجاب میں 3 لاکھ 45 ہزار 900 اور سندھ میں 3 لاکھ 36 ہزار 76 مریض ہیں۔
ملک بھر میں کووڈ۔19 سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 22 ہزار 231 ہے جن میں سے سندھ میں 5 ہزار 418 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 7 مریض ہسپتالوں میں جبکہ 1 مریض گھر میں قرنطینہ کے دوران اس وائرس سے جاں بحق ہوا۔
پنجاب میں 10 ہزار 729 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 8 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے،خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 308 جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔
اسلام آباد میں کل 776 اموات،بلوچستان میں کل 307 اموات، گلگت بلتستان میں 111 اموات، آزاد کشمیر میں اس وائرس سے 582 اموات ہو چکی ہیں۔اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 کے 1 کروڑ 44 لاکھ 60 ہزار 890 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ملک بھر میں کووڈ۔19 کے علاج کیلئے مختص 639 ہسپتالوں میں 2 ہزار 214 مریض زیر علاج ہیں۔