اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 40 پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اوگرا کی سفارشات کے برعکس عوام کوحد درجہ ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے ٹویٹر پر لکھا کہ عالمی منڈی میں گذشتہ کئی ماہ سے پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں 11.40 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔
شہباز گل نے لکھا کہ وزیرِ اعظم نے اوگرا سفارشات کے برعکس عوامی مفاد میں پٹرول کی قیمت میں محض 5.40 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں 2.54 روپے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں 1.39 روپے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1.27 روپے فی لیٹر کی اجازت دی گئی ہے۔۔
معاون خصوصی نے مزید لکھا کہ اوگرا تجویز کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی غرض سے کیے جانے والے اس فیصلے کے نتیجے میں پڑنے والا بوجھ حکومت خود برادشت کرے گی۔
ایک اور ٹویٹ میں شہباز گل نے لکھا کہ پاکستان بھی خطے کے تمام ممالک کی طرح عالمی مارکیٹ سے پٹرولیم مصنوعات خریدتا ہے، آج کے اضافہ کے باوجود اب بھی پاکستان میں پٹرول کی قیمت خطے کے باقی ممالک کی نسبت نمایاں طور پر کم ہے۔ جبکہ بھارت سے تقریباً 102 روپے فی لٹر کم ہے۔
پاکستان بھی خطے کے تمام ممالک کی طرح عالمی مارکیٹ سے پٹرولیم مصنوعات خریدتا ہے
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) July 15, 2021
آج کے اضافہ کے باوجود اب بھی پاکستان میں پٹرول کی قیمت خطے کے باقی ممالک کی نسبت نمایاں طور پر کم ہے۔
جبکہ انڈیا سے تقریباً 102 روپے فی لٹر کم ہے۔ pic.twitter.com/5FvuHSIMOZ
وزارت خزانہ کے نوٹی فکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت 5روپے 40 پیسے فی لٹر اضافے کے بعد پٹرول کی قیمت 112 روپے 69 پیسے سے بڑھ کر 118 روپے 9 پیسے ہو گئی، ہائی سپیڈ ڈیز ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 54 پیسے فی لٹر اضافے کے بعد قیمت 113 روپے 99 پیسےسے بڑھ کر 116 روپے 53 پیسے فی لیٹرہو گئی ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپیہ 39 پیسے فی لٹراضافہ کیا گیا ہے اب قیمت 85 روپے 75 پیسے سے بڑھ کر 87 روپے 14 پیسے جب کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 1 روپیہ 27 پیسے فی لٹراضافہ کیا گیا ہے، نئی قیمت 83 روپے 40 پیسے سے بڑھ کر 84 روپے 67 پیسے ہو جائے گی۔
عوام نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ پر سر پکڑ لیے ،کہتے ہیں ایسے نئے پاکستان سے تو پرانا پاکستان ہی بہتر تھا۔
دوسری طرف پٹرولیم مصنوعات کے بعد ایل پی جی کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد سرکاری قیمت 160 فی کلو سے تجاوز کر گئی۔
ایل پی جی انڈسٹری ایسوسی ایشن فاونڈر چئیرمین عرفان کھوکھر کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میی 5 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا گیا ہے اور پولیس اور سرکاری اہلکاروں کی سرپرستی میں ایل پی جی کی بلیک مارکٹنگ جاری ہے۔
عرفان کھوکھر کے مطابق ایل پی جی گیس اضافے کے بعد 165 روپے میں فروخت کی جارہی ہے، گھریلو سیلنڈر کی قیمت میں 60 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اور گھریلو سیلنڈر 1950 میں فروخت ہورہا ہے، کمرشل سیلنڈر کی قیمت میں 225 اضافہ کیا گیا ہے، اور کمرشل سیلنڈر 7490 میں فروخت جاری ہے، جب کہ گلگت میں گیس کی قیمت 185 روپے فی کلو پر پہنچ گئی ہے۔