کوئٹہ میں پٹرول کی عدم دستیابی کے باعث شہری پریشان، پمپ سٹیشنز بند ہونے کا خدشہ

Published On 02 August,2021 03:47 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں پٹرول کی عدم دستیابی کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں، پمپ مالکان کی جانب سے پٹرول کی فراہمی نہ ہونے کےسبب پمپ سٹیشنز بند ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا۔

کوئٹہ شہر کے بیشتر پمپوں پر پٹرول کی قلت پیدا ہوگئی ہے جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کے بعد صورتحال خراب ہوئی ہے، کئی پٹرول پمپس بند پڑے ہیں جبکہ کئی پر لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

دوسری جانب پٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے سپلائی تواتر کے ساتھ نہیں ہو رہی جس کے باعث پٹرول، ڈیزل کا سٹاک موجود نہیں۔

پیٹرول ڈیزل ایسوسی ایشن کے صدر قیام الدین آغا کا کہنا ہے پی ایس او کے علاوہ تمام کمپنیوں کی سپلائی بند ہے، صوبے میں ایرانی پٹرول کی اسمگلنگ بھی نہیں ہورہی انہوں نے کہا کہ اگر کل شام تک نجی پٹرول کمپنیز نے سپلائی نہ دی تو شدید بحران پیدا ہوگا جس سے پمپس مالکان کو بھی مالی نقصان ہو رہا ہے۔