یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا، چینی اور گھی کی قیمتیں بڑھنے پر شہری پریشان

Published On 30 July,2021 11:20 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا، چینی اور گھی کی قیمتیں بڑھنے سے شہری پریشان ہو گئے، کہتے ہیں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے حکومت نے مزید مہنگائی کے بوجھ تلے دبا دیا۔

کوئٹہ شہر کے 60 یوٹیلٹی سٹورز پر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں حکومت کی جانب سےاضافہ ہونے کے بعد خریداری کے لئے آنے والی عوام پریشان ہیں۔ ان کا گلہ ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز پر بازار کی نسبت قیمتیں کم ہونی چاہئیں مگر ریلیف کی بجائے سٹورز پر قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں۔ چینی مہنگی ہونے کے بعد یوٹیلٹی سٹورز پر دستیاب بھی نہیں۔ خواتین کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے گھریلو بجٹ کو متاثر کردیا۔

یوٹیلٹی سٹورز میں نئے ریٹس تو آگئے ہیں مگر شہریوں کی بڑی تعداد ان کے معیار سے مطمئن نہ ہونے کی وجہ سے گلہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ کہتے ہیں کہ یوٹیلٹی سٹورز میں دستیاب آٹا غیر معیاری ہے، استعمال کے قابل نہیں ہوتا یہی وجہ ہے کہ بازار سے مہنگے داموں خریدنا پڑتا ہے۔

چینی کی قیمت 17 روپے اضافے کے ساتھ 85 روپے فی کلو، گھی 170 سے بڑھ کر260 جبکہ آٹے کا 20 کلو والا تھیلا 150 روپے اضافے کے ساتھ اب 950 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
 

Advertisement