وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کرکٹ بورڈ کے رویئے پر نالاں

Published On 30 July,2021 03:12 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان پاکستان کرکٹ بورڈ کے رویے پر نالاں ہیں۔ کہتے ہیں کہ پی سی بی کی خواتین کرکٹ ٹورنامنٹ میں عدم دلچسپی کا افسوس ہے، وزیر اعظم پاکستان کو کرکٹ بورڈ کی شکایت کروں گا۔

بلوچستان کے قبائلی معاشرے میں خواتین کی کھیلوں میں دلچسپی خوش آئند، صوبے میں خواتین کھلاڑیوں کے لئے حکومت کی جانب سے پہلے ویمن ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں کیا گیا، 65 خواتین کھلاڑیوں پر مشتمل ملک بھر سے 5 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں مگر افسوس پی سی بی کی جانب سے ایک بھی عہدیدار پہنچ نہ سکا جس پر وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کرکٹ بورڈ پر برس پڑے۔

دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جام کمال نے کہا کہ پی سی بی کی عدم دلچسپی پر افسوس ہے، اتنا بڑا ٹورنامنٹ کروارہے ہیں جو پی سی بی کو کروانا چاہئے تھا لیکن پی سی بی سوتیلوں جیسا سلوک کررہا ہے۔

جام کمال خان نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی کو اپنی پالیسیوں پر نظرِ ثانی کرنا چاہیئے، وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ہمیشہ سپورٹ کیا، ان سے پی سی بی کے رویئے پر بات کریں گے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں خواتین کے لئے اتنا بڑا ایونٹ کروانا کسی چیلنج سے کم نہ تھا، پی سی بی کی ویمن سلیکشن کمیٹی کو یہاں آنا چاہئے تاکہ ان کو پتہ چلے ملک میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے۔
 

Advertisement