فیصل آباد: موٹر وہیکل ایگزامینر کی عدم تعیناتی سے ہیوی ٹریفک کے لائسنس کا اجراء رک گیا

Published On 05 August,2021 10:53 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں موٹر وہیکل ایگزامینر کی تعیناتی نہ ہونے سے ہیوی ٹریفک کے لائسنس کا اجراء رک گیا، شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

فیصل آباد میں ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ موٹروہیکل ایگزامینر کے بغیر ہی چلنے لگا۔ مسافر بردار گاڑیوں اور ہیوی ٹریفک کے لائسنس کا اجراء ایگزامینر کی تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے لٹک گیا۔ لائسنس حاصل کرنے کے خواہشمند شہری کہتے ہیں کہ وہ کئی ماہ سے خوار ہورہے ہیں لیکن ان کی فائل تک وصول نہیں کی جارہی۔

ٹریفک پولیس کی لائسنس برانچ میں مسافر بردار گاڑیوں اور ہیوی ٹریفک کے ایل ٹی وی، ایچ ٹی وی اور پی ایس وی لائسنس کا اجراء موٹر وہیکل ایگزامینر کی منظوری سے ہی مشروط ہوتا ہے لیکن فیصل آباد کے ایم وی ای ملک لیاقت کو دو ماہ قبل تبدیل کیا گیا جن کی جگہ کوئی آفیسر نہ لگایا جاسکا۔

سیکرٹری آر ٹی اے کہتے ہیں کہ حکام کو درخواست بھیجی ہے جلد تعیناتی متوقع ہے۔ مقامی ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی غفلت کے باعث تبدیل ہونے والے آفیسر کی جگہ پر کسی متبادل آفیسر کی عارضی تعیناتی بھی نہ کی جاسکی جس کا خمیازہ امیدواروں کو خواری کی صورت میں بھگتنا پڑتا ہے۔
 

Advertisement